جلسے کی آڑ میں یلغار کا سوچنے والوں کی بہت بڑی بھول ہوگی ،چوہدری نثار علی خان، 30نومبر کا جلسہ قانون کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پرامن ہوا تو اس پر اعتراض نہیں ، ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکر یلغار کردے، دھرنے کو تین مہینے ہوگئے اب تحریک انصاف کو عوام کا احساس کرکے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے ۔ اس وقت تک پاکستان میں داعش کانام بھی موجود نہیں ہے، وزیر داخلہ کی ٹیکسلا میں صحافیوں سے گفتگو

اتوار 23 نومبر 2014 08:02

ٹیکسلا( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23نومبر۔2014ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اگر 30نومبر کا جلسہ قانون کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پرامن ہوا تو اس پر اعتراض نہیں ہے لیکن جلسے کی آڑ میں یلغار کا سوچنے والوں کی بہت بڑی بھول ہوگی کیونکہ ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکر یلغار کردے، دھرنے کو تین مہینے ہوگئے اب تحریک انصاف کو عوام کا احساس کرکے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے ۔

ہفتہ کے روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ٹیکسلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر 30نومبر کو تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت میں جلسہ کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے قانون میں طریقہ کار بھی واضح ہے اور تحریک انصاف کے جلسے کیلئے چوہدری نثار کی نہیں بلکہ قانون کی اجازت کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے پرامید ہوں کہ معاملات بہتر طریقے سے طے پا جائینگے کیونکہ جلسہ کرنے کی آزادی سب کو ہے لیکن اسلام آباد کے شہریوں کے بھی حقوق ہیں اور انہیں بھی آزادی حاصل ہے اور جلسے کی وجہ سے کسی کی آزادی میں خلل نہیں آنا چاہیے کیونکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے ۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار نے کہا کہ تحریک انصاف کا جلسہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہوا تو کوئی اعتراض نہیں عمران خان کو جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی لیکن جلسے کی آڑ میں کوئی سمجھتا ہے کہ یلغار ہوگی تو یہ ان کی بہت بڑی غلط فہمی ہوگی ۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ریاست اتنی کمزور نہیں ہے کہ کوئی بھی آکر یلغار کردے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش ایک عرب تنظیم ہے اور چند جنگجو تنظیموں نے داعش کا نام استعمال کرکے پاکستان میں وال چاکنگ کی جبکہ اس وقت تک پاکستان میں داعش کانام بھی موجود نہیں ہے اور سول سمیت فوجی ادارے بھی کہہ چکے ہیں کہ داعش سمیت تمام تشدد پسند تنظیموں کے دروازے پاکستان میں بند کئے جا چکے ہیں ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے آپ کو بڑا انصاف پسند جماعت سمجھتی ہے تو ان کو پتہ ہوگا کہ مسائل کا حل بندوق کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ممکن ہوتا ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف ملک اور قوم کی بہتری کیلئے مذاکرات کی میز پر آئے گی اور تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے حل کرائے گی ۔