70دن کے دھرنے نے سلطنت شریفیہ کی جڑیں کھوکھلی کر دیں،ڈاکٹر طاہر القادری، آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں سٹیٹس کو کی حامی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں ہو گا ،سربراہ پاکستان عوامی تحریک

ہفتہ 22 نومبر 2014 04:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 70دن کے دھرنے اور ملک گیر احتجاجی تحریک نے سلطنت شریفیہ کی جڑیں کھوکھلی کر دیں،موجودہ حکمران کچھ عرصہ کے مہمان ہیں ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے،حقیقی جمہوریت اور آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں سٹیٹس کو کی حامی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں ہو گا ،عوام ظالمانہ نظام کی رخصتی چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی غلامی قبول کر چکے ہیں ۔ قرضوں کی رکی ہوئی قسطیں بحال کروانے کیلئے آئے روز بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔پٹرول کی محض 9فی صدقیمتیں کم کرنے کا ڈرامہ کرنے کے بعد گیس کی قیمتوں میں 30 فی صد اضافہ کر دیا گیاجو عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔حکمران اس اضافہ کو واپس لیں۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کے سنیئر رہنماؤں کے غیر رسمی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے۔انہوں نے عوامی تحریک کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پاکستان عوامی تحریک کو گراس روٹ پر منظم اور متحرک تنظیمی قوت میں تبدیل کرنے کیلئے دن رات محنت کی جائے۔ہم آئندہ ہر الیکشن میں نظام کی تبدیلی کیلئے حصہ لیں گے اور اب سڑکوں کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں کے اندر بھی جدوجہد کریں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کراچی اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے کیمپ آفس پر دستی بم حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نام اپنے پیغام میں متحدہ کے ایم پی اے محمد حسین اور شیخ عبد اللہ سمیت دیگر افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ سندھ اور وفاقی حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرے۔

انہوں نے کہاکہ ایک سازش کے تحت سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کیلئے تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے نماز جمعہ ماڈل ٹاؤن میں جامعہ المنہاج میں ادا کی ،نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد وہ نمازیوں سے گھل مل گئے اور ایک گھنٹہ تک گفتگو کی اس موقع پر طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ احتجاجی جلسوں کے بعد درمیانی وقفے میں جن ایام میں لاہور قیام پذیر ہوں گے تعلیم و تربیت کیلئے طلباء اور اساتذہ کو خصوصی لیکچر دیں گے ۔