الیکشن کے نام پر سلیکشن قبول نہیں، انتخابی نظام کی مکمل اوور ہالنگ اور متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات ہوں،سراج الحق،ملک سے جاگیردارانہ نظام ‘ کرپشن اور لوٹ مار ختم ‘ غریب کو اس کا حق دیں گے ،امیر جماعت اسلامی کا لاہور میں اجتماع سے خطاب

ہفتہ 22 نومبر 2014 04:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کے نام پر سلیکشن قبول نہیں آئندہ انتخابات سے قبل انتخابات کے نظام کی مکمل اوور ہالنگ کی جائے اور متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات ہوں۔ ملک سے جاگیردارانہ نظام ‘ کرپشن اور لوٹ مار ختم ‘ غریب کو اس کا حق دیں گے لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی وڈیرے کی خاطر نہیں بنی یہ واحد جماعت ہے جو جمہوری بھی ہے اور نظریاتی بھی ہے جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس پر آج تک کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

میں خود دو مرتبہ خیبرپختونخواہ کا وزیر رہا ہوں اور ایک پائی کی کرپشن نہیں کی انہوں نے کہا کہ 1941 میں مولانا مودودی نے جو پودا لگایا تھ اوہ آج تناور درخت بن چکا ہے اور ایک فولادی چٹان بن گیا ہے ہم حق پر ہیں ہمیں حق پر چلنا ہے اور حق کے ساتھ چلنا ہے ہم نے حق پر جینا اور حق پر مرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری جان کی حفاظت ”لاالہ الا الله“ کے نظام میں ہے ملک میں دو قسم کا نظام چل رہا ہے سود اور سودی کاروبار نے معاشرے کو تباہ کردیا ہے اور پاکستان میں سود کے نظام کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو قرضے نہیں دے رہی اور کہتے ہیں کہ آپ کے پاس گارنٹی نہیں ہے میں ان سے پوچھتا ہوں کہ پاکستان کے شناختی کارڈ سے بڑی گارنٹی کون سی ہے انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے سودی نظام ظلم و جبر کاخاتمہ کریں گے اور اسلامی نظام قائم کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم مظلوم کی داد رسی اور غریب کو اس کا حق دلائیں گے انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے جن کو جاگیریں دی ہیں ہم ان سے واپس لے کر ان کے لوگوں میں تقسیم کریں گے جن کے پاس رہنے کو گھر نہیں ہے سراج الحق نے کہا کہ انتخابات صرف کھیل تماشہ ہے ملک میں الیکشن کے نام پر سلیکشن ہورہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات سے قبل اس نظام کی مکمل اوور ہالنگ کی جائے اور نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے جب ووٹر کا اعتماد ختم ہو تو پھر جھتے بنتے ہیں ملک کے اندر اور باہر کے لوگ حیران ہیں کہ ظاہر اور باطن میں سے کس حکومت سے معاہدہ کریں ہمیں ظاہر اور باطن کو ایک بنانا پڑے گا ملک میں انتخابات متناسب نمائندگی پر ہونے چاہئیں تاکہ کوئی کسی کا میرٹ چوری نہ کر سکے انہوں نے کہا کہ ملک میں جاگیردار ٹولے نے پارٹیوں اور لیڈروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے متناسب نمائندگی پر انتخابات ہمارا قومی ایجنڈا ہے کرپشن کا سومنات کوئی اور نہیں توڑ سکتا صرف ہم توڑ سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میں امیر اور کارکن سب برابر ہیں اور ہماری پاکستان سے محبت میں جنازے آج بھی بنگال کی جیلوں سے نکل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم غریب کا مفت علاج ‘ اسے تعلیم کی سہولت دیں گے اور امید ہے کہ وزیراعظم یہاں آکر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں گے۔