کراچی ، اورنگی ٹاوٴن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکنیت سازی کیمپ پر کریکر حملے میں 2 ارکان سندھ اسمبلی سمیت12 افراد زخمی،واقعہ کے بعد کیمپ میں بھگڈر مچ گئی، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا

ہفتہ 22 نومبر 2014 04:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء )کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکنیت سازی کیمپ پر کریکر حملے میں 2 ارکان سندھ اسمبلی سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں ،واقعہ کے بعد کیمپ میں بھگڈر مچ گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، پولیس ،رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا تھا جبکہ حملے کے بعد نامعلوم افراد نے علاقے میں کاروبار بند کرادیا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاوٴن میں 5نمبر کے قریب متحدہ قومی موومنٹ قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے تحت لگائے گئے رکنیت سازی کیمپ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 ارکان سندھ اسمبلی سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں قطر اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،واقعہ کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں اراکین سندھ اسمبلی محمد حسین اور محمد عبداللہ بھی شامل ہیں۔ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ نے محمد حسین کے معمولی زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایم کیو ایم کے رہنماء واسع جلیل نے بتایا ہے کہ رکنیت سازی کیمپ پر حملے میں اراکین سندھ اسمبلی محمد عبداللہ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کریکر حملے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔