تیسری ساف ویمن فٹبال چیمپیئن شپ۔بھارت نے نیپال کو6-0سے شکست دیکر ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا،بھارت نے چیمپین شپ مسلسل تیسری بار جیتی ، بالا دیوی نے پر16گول سکور کر کے ٹاپ سکورر رہیں، ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے صدر نے انعامات تقسیم کئے، فائنل میچ کے موقع پر ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے صدر سلیمان بن ابراہیم الخلیفہ مہمان خصوصی تھے،،وفاقی وزیر ریاض پیرزارہ ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات سمیت دیگر اہم شخصیات فائنل میچ دیکھنے کیلئے موجود تھیں ،ہم چیمپیئن بننے کی پوری تیاری کیساتھ پاکستان آئے تھے اور چیمپیئن بن کر واپس جا رہے ہیں،اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام جائیگا،ہیڈ کوچ انڈین ٹیم ،پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور یہ پیغام دنیا بھر میں جائیگا،بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے موقع پر شائقین کو میدانوں کا رخ کرنا چاہیئے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے، فیصل صالح حیات

ہفتہ 22 نومبر 2014 03:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء) تیسری ساف ویمن فٹبال چیمپیئن شپ2014کے فیصلہ کن معرکہ میں بھارت نے نیپال کو ناکوں چنے چھبواتے ہوئے 6-0سے شکست دیکر کر مسلسل تیسری ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جناح سٹیڈیم پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکہ میں بھارت نے میچ میں ہاف ٹائم تک 3گولوں کی برتری حاصل کی ،انڈیا کی طرف سے پہلا گول کھیل کے 25ویں منٹ میں یمنم کملا دیوی نے ،دوسرا اور تیسرا گول کھیل کے 39ویں اور 41ویں منٹ میں بالا دیوی نے سکور کیئے۔

کھیل کے43ویں منٹ میں نیپال کی گول کیپرچندرا دیوی کو تبدیل کرکے نمیتا کماری کو گول کیپنگ کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔انڈیا کی طرف سے چوتھا گول کھیل کے47ویں منٹ میں اروم پرامیشوروری نے،پانچواں اورچھٹا گول کھیل کے51 ویں اور90+1ویں منٹ میں بالا دیوی نے سکور کیئے ۔

(جاری ہے)

بالا دیوی نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر16گول سکور کر کے ٹاپ سکورر رہیں۔ فائنل میچ کے موقع پر ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے صدر سلیمان بن ابراہیم الخلیفہ مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ نائب صدر اے ایف سی پرنس عبد اللہ،سیکرٹری اے ایف سی داتو الیکس سوسے،وفاقی وزیر ریاض پیرزارہ ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات ،صدر تھائی لینڈ فٹبال وراوی مکدی،بنگلہ دیش فٹبال کے صدر صلاح الدین قاضی،ڈیلون کور سنگھ،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی،پاکستان فٹبال فیڈریشن ویمن ونگ کی چیئر پرسن سنیٹر روبینہ عرفان ،سنیٹر سید دلاور عباس سمیت دیگر اہم شخصیات اور فٹبال کے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

۔سب سے پہلے پاکستان کاقومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد غبارے فضا میں چھوڑے گئے،بعد ازاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی سے تعارف کروایا گیا۔آخر میں مہمان خصوصی سلیمان بن ابراہیم الخلیفہ نے انڈین ٹیم کو ونر اور کھلاڑیوں کو گولڈ میڈل جبکہ نیپال کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سلور میڈل سے نوازا گیا۔انڈین ٹیم کے ہیڈ کوچ ترون رائے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چیمپیئن بننے کی پوری تیاری کیساتھ پاکستان آئے تھے اور چیمپیئن بن کر واپس جا رہے ہیں،اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام جائیگا جبکہ اسلام آباد گھومے پھرے ہیں اور ہم بہت خوش ہو کر واپس جائینگے،سیکورٹی اور رہائش کے عمدہ انتظامات تھے۔

بالا دیوی نے کہا کہ بیم بیم دیوی ایک اچھی کپتان ہیں ،زیادہ گول سکور کرنے پر خوشی محسوس کر رہی ہوں ۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور یہ پیغام دنیا بھر میں جائیگا،بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے موقع پر شائقین کو میدانوں کا رخ کرنا چاہیئے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فٹبال کے اس سے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرینگے جبکہ کھیلوں کی ترقی سے ملک ترقی کریگا ۔