وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر مملکت کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، مجموعی ملکی صورتحال اور پاک چین معاہدوں کے حوالے سے تبادلہ خیال، پنجاب حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ، شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے، میاں شہباز شریف، سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخی معاہدے ہوئے ہیں، چین نے ایک بار پھر دوستی کا حق ادا کیا ہے،چین کے ساتھ ہونے والے منصوبوں پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا:وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں، پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے:ممنون حسین

جمعہ 21 نومبر 2014 08:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور صدر مملکت ممنون حسین کے درمیان جمعرات کو یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مجموعی ملکی صورتحال اور پاک چین معاہدوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخی معاہدے ہوئے ہیں۔

چین نے ایک بار پھر دوستی کا بھرپور حق ادا کیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت چین کے ساتھ طے پانے والے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور ان منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہونے والے اربوں ڈالر کے منصوبوں میں ایک پائی بھی قرضہ نہیں بلکہ تمام سرمایہ کاری ہے اور چین نے پاکستان کا ایک بار پھر ہاتھ تھام کر عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ بعض رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث بے پناہ تباہی ہوئی تاہم پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لئے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔

سیلاب زدگان کے نقصانات کے ازالہ کیلئے 16 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے اور اربوں روپے انتہائی شفاف طریقے سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں اور دوسرے مرحلے میں مالی امداد کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ، شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔

سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ممنون حسین جیسی شخصیت ایوان صدر میں موجود ہے جنہوں نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے بھرپور جدوجہد کی ہے اور آمریت کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صدر مملکت ممنون حسین کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، بیگم ذکیہ شاہنواز، پولیٹیکل سیکرٹری وزیراعلیٰ افضال بھٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین آج اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، ذکیہ شاہنواز، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔