سینٹ قائمہ کمیٹی دفاع کے دورکنی وفد کا سیالکوٹ ورکنگ باونڈری پر بھارتی کی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے متاثر ہ سرحدی علاقوں کا دورہ،جب سے ہندوستان میں مودی سرکار نے اقتدار سنبھالا ہے پاکستان کے خلاف بھارتی جنگی جنون بڑھتا جا رہا ہے، مشاہد حسین سید،سیالکوٹ کے سرحدی دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پاکستان کے خلاف ایک سوچی سمجھی بین الاقوامی سازش ہے، پاکستان بھارتی جنگی جنون اور جارحیت کے خلاف جراتمندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر بھرپور طور پر اٹھائے،چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع

جمعرات 20 نومبر 2014 08:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے دورکنی وفد سینیٹر سید مشاہد حسین اورسینیٹرمحسن لغاری نے گذشتہ روزبھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باونڈری پر ہونے والی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے متاثر ہونے والے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔اس حوالے سے چناب رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز طاہر خان کی جانب سے انہیں سرحدی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورہ کے دوران سینیٹر سید مشاہد حسین نے موضع جوئیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور چناب رینجرز نے ورکنگ باونڈری لائن پر بلاشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا منہ توڑ جواب دیکر بھارت کے دانت کھٹے کر دیئے ہیں کیونکہ گذشتہ مہینوں کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں ہزاروں مارٹر گولے فائر کئے گئے جو کہ کسی بھی ہونے والی پاک بھارت جنگ سے بھی زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو کھٹمنڈو میں ہونے والی سارک کانفرنس میں کشمیر کے مسئلہ کوواضع موقف کے ساتھ پیش کرنا چاہیے جوکہ انکا فرض ہے اور اس حوالے سے پوری قوم بھی انکے ساتھ ہے۔ بعد ازاں چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جنگی جنون اور جارحیت کے خلاف جراتمندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر بھرپور طور پر اٹھائے۔

بھارت بھی ہوش کے ناخن لے۔جب سے ہندوستان میں مودی سرکار نے اقتدار سنبھالا ہے پاکستان کے خلاف بھارتی جنگی جنون بڑھتا جا رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے سیالکوٹ کے سرحدی دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پاکستان کے خلاف ایک سوچی سمجھی بین الاقوامی سازش ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر بھارت کے خلاف ایک جراتمندانہ موقف اختیار کریں۔

اس اہم قومی مسئلہ پر پوری پاکستانی قوم کی حمائت نواز شریف کو حاصل ہے۔ نواز شریف آئندہ ماہ کٹھمنڈو (نیپال) میں سارک سربراہی کانفرنس میں بھی بھارتی جنگی جارحیت کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں۔ تا کہ پاکستانی عوام کی امنگوں کی عالمی سطح پر درست ترجمانی ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی گولہ باری سے متاثرہ سیالکوٹ کے سرحدی دیہات جوئیاں ۔

عمرانوا لی ۔راجہ ہرپال۔چارواہ ۔دھمالہ کے دورہ کے دوران بھارتی گولہ باری سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین اور ورثاء کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ سیالکوٹ کے سرحدی دیہات میں سویلین آبادی پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری اقوام متحدہ کا معاملہ ہے۔ یہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کی رقوم میں اضافہ کرے اور دئیے گئے چیکوں پر ادائیگی کو بھی یقینی بنائے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو بھی اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق فوری حل کروانے کے لئے بھی عالمی برادری کا اثر و رسوخ ا ستعمال کرے۔ بھارت کی جارحیت کسی بھی صورت میں پاکستان کو قبول نہیں۔

مسئلہ کشمیر اس خطہ میں کشیدگی کی جڑ ہے۔بھارت پاکستانی قوم کا ٹیسٹ لے رہا ہے۔ بھارت ہوش کے ناخن لے۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے وفد نے آج سینٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری سے متاثرہ سیالکوٹ کے سرحدی دیہات کا دورہ کیا۔ اور متاثرہ افراد کے مسائل سنے اور انہیں حکومت کی طرف سے فوری حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

سینٹر محمد محسن خان لغاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان نے رینجرز ہیڈ کواٹرز سیالکوٹ میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے وفد کو سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکٹر کمانڈر چناب رینجرز سیالکوٹ بریگیڈیئر وسیم، سیالکوٹ ڈی سی او ندیم سرور اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔