حکومت کا ریڈ زون میں تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کیلئے کوئی آرڈیننس نہ لانے کا فیصلہ ،مذاکرات کی ذمہ داری بھی وزیر خزانہ کو سونپ دی گئی ہے،اعلیٰ حکومتی ذرائع

جمعرات 20 نومبر 2014 08:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء)حکومت نے ریڈ زون میں تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کیلئے کوئی آرڈیننس نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذاکرات کی ذمہ داری بھی وزیر خزانہ کو سونپ دی گئی ہے۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق تیس نومبر کو تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کیلئے کوئی قانون سازی نہیں ہوگی۔ ریڈ زون میں داخلے کے حوالے سے کوئی آرڈیننس بھی نہیں لایا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں بھی آرڈیننس لانے کی خبروں کی تردید کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سونپ دی ہے تاہم حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ مذاکرات بھی آئین کے دائرے میں ہی ہونگے۔ ادھراسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوٴس اور دیگر اہم قومی اداروں کی سیکورٹی کیلئے تعینات فوجی دستے بھی مرحلہ وار واپس چلے گئے ہیں جس کے بعد سیکورٹی کی ذمہ داری متعلقہ اداروں کے حوالے کر دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق فوجی دستے وفاقی دارالحکومت میں ہی رہیں گے جنہیں ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت طلب کیا جا سکے گا۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کی سیکورٹی کیلئے رینجرز اہلکار بدستور موجود ہیں۔