وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کی ملاقات،عالمی سطح پر پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا جاتا‘ چوہدری نثار کا شکوہ

بدھ 19 نومبر 2014 08:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چوہدری نثار نے گلہ کیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں لیکن عالمی سطح پر ان کا اعتراف نہیں کیا جاتا جوکہ افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی وزیراعظم کے انسداد دہشت گردی کے خصوصی نمائندے نے ملاقات کی جس میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارڈن بھی شریک تھے۔

اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے برطانیہ سے شدید الفاظ میں گلہ کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں لیکن ان کا اعتراف عالمی سطح پر نہیں کیا جاتا جوکہ نہایت قابل افسوس ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ برطانوی نمائندہ خصوصی نے بھی یقین دہانی کروائی کہ وہ امن و امان کی بحالی کیلئے پاکستان کیساتھ ہرممکن تعاون کرتے رہیں گے۔