وزیراعظم نواز شریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال اور متاثرین آپریشن کے مسائل پر تبادلہ خیال ،آئی ڈی پیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ اس معاملے پر جرگہ بلانا احسن اقدام ہے، نواز شریف،حکومت ان علاقوں میں آئی ڈی پیز کو واپس بھجوائے جو آپریشن کے بعد کلیئر ہوچکے ہیں، مولانافضل الرحمن

بدھ 19 نومبر 2014 08:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء) وزیراعظم میاں نواز شریف سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات‘ ملک کی مجموعی امن و امان اور سیاسی صورتحال اور متاثرین آپریشن کے مسائل پر گفتگو۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے‘ اس معاملے پر جرگہ بلانا احسن اقدام ہے۔ منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کیسات ساتھ متاثرین آپریشن کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر آئی ڈی پیز کے مسائل کو وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔ ذرائع نے”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم نواز شریف کو آئی ڈی پیز کی مشکلات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم کی آمد آمد ہے اور پہلے ہی متاثرین نے سخت گرم موسم کی سختیاں برداشت کی ہیں اور اب سرد موسم بھی انہیں کھلے آسمان تلے ہی گزارنا پڑے گا لہٰذا اس سلسلے میں میں صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی واضح ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں کردار ادا کرے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت ان علاقوں میں بھی آئی ڈی پیز کو واپس بھجوائے جو علاقے آپریشن کے بعد کلیئر ہوچکے ہیں جبکہ ان کی آبادکاری کیلئے حکومت اقدامات اٹھائے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو یقین دلایا کہ حکومت آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی اور جو بھی ممکن ہوسکا وہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مولانا فصل الرحمن کے رواں ماہ میں اسلام آباد میں ہونے والے قبائلی جرگہ بارے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے آئی ڈی پیز اور قبائلی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں مولانا فضل الرحمن کے کردار کو سراہا۔