داعش پاکستان کیلئے طالبان سے بھی بڑاخطرہ ہے جوپاکستان میں داخل ہوچکاہے،الطاف حسین، ملک کواس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کواپنے سیاسی ونظریاتی اختلافات کوپس پشت رکھ کراتحادکامظاہرہ کرناچاہیے، بیان

بدھ 19 نومبر 2014 08:13

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ داعش پاکستان کیلئے طالبان سے بھی بڑاخطرہ ہے جوپاکستان میں داخل ہوچکاہے لہٰذا اس سے نمٹنانہ صرف حکومت کاکام ہے بلکہ ملک کواس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کواپنے سیاسی ونظریاتی اختلافات کوپس پشت رکھ کراتحادکامظاہرہ کرناچاہیے۔

جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں نے طالبان کے خطرے سے قوم کوآگاہ کیا تھاتو اس وقت بھی بہت سے لوگوں نے اس پر یقین نہیں کیاتھابلکہ اس پر یقین کرنے کے بجائے میرامذاق اڑایاتھا ۔ آج میں ایک بار پھر قوم کوآگاہ کررہاہوں کہ داعش جوطالبان سے بھی بڑاخطرہ ہے وہ پاکستان میں داخل ہوچکاہے جس کی موجودگی کے شواہدملک کے مختلف شہروں میں سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کواس سے انکارکرنے کے بجائے اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سب کوچاہیے کہ وہ اپنے اپنے سیاسی ونظریاتی اورفروعی اختلافات کوبالائے طاق رکھ کراتحادکامظاہرہ کریں اور داعش، القاعدہ، طالبان اوروہ تمام کالعدم تنظیمیں جودہشت گردی کی کارروائیاں کرتی ہیں،جوشیعوں اورسنیوں کاقتل عام کرتی ہیں، جو عیسائیوں اوردیگرمذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے بے گناہ لوگوں کوقتل کرتی ہیں ان سے ملک کونجات دلائیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام امن اورسلامتی کامذہب ہے اور ہمارافرض ہے کہ ہم اسلام کاچہرہ مسخ کرنے والوں کوبے نقاب کریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم آئے دن ٹی وی پر خبریں دیکھتے ہیں اوراخبارات میں پڑھتے ہیں کہ ہماری مسلح افواج دہشت گردوں سے نبردآزماہیں اور فلاں فلاں علاقے دہشت گردوں سے خالی کرارہی ہیں لیکن پاکستانی قوم کوپتہ چلناچاہیے کہ ہماری مسلح افواج کے افسران اورجوان کن مشکل ترین علاقوں میں جاکرکس طرح دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کس ہمت اوربہادری سے حصہ لے رہے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہ ایسے جنگ زدہ علاقوں میں جاکروہاں رپورٹنگ کرنااورجنگ کے خوفناک مناظرکی فلمبندی اور عکس بندی کرنابڑامشکل کام ہے اورٹی وی چینلزاوراخبارات کے اینکرزصحافی ایسے مشکل علاقوں میں جاکر وہاں رپورٹنگ کررہے ہیں وہ مبارکبادکے مستحق ہیں۔ الطاف حسین نے وزیرستان میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں جاکرجرات وبہادری کے ساتھ رپورٹنگ کرنے اوروہاں کے حالات وواقعات سے قوم کوآگاہ کرنے پر سماء ٹی وی کی اینکرغریدہ فاروقی کوزبردست شاباش اور خراج تحسین پیش کیااورانہیں” قوم کی بہادر بیٹی“ (Bravo Daughter of the Nation) کاخطاب دیا۔

انہوں نے غریدہ فاروقی کے ساتھ رپورٹنگ کیلئے جانے والی سماء کی پوری ٹیم کوبھی شاباش پیش کی۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ غریدہ فاروقی کوان کی جراتمندانہ رپورٹنگ پر ستارہ جرات یاستارہء امتیاز دیاجائے تاکہ ایسے تمام اینکرزاورصحافیوں اورانکے عملے کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔انہوں نے جنگ زدہ علاقوں میں جاکررپورٹنگ کرنے اوراپنی رپورٹس کے ذریعے قوم کوحالات سے آگاہ کرنے والے دیگراینکرزاورصحافیوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ الطاف حسین نے وزیرستان اوردیگرمتاثرہ علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی رپورٹنگ کے دوران شہیدہونے والے صحافیوں کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :