آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ پینٹاگان ، امریکی فوج حکام سے ملاقات،پاک افغان سرحدی صورت حال ،ر پاک بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جنرل راحیل کے ساتھ حکام کی بات چیت انتہائی بامقصد اور مثبت رہی ہے، امریکی محکمہ خارجہ

بدھ 19 نومبر 2014 08:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی محکمہ دفاع کا دورہ کیا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ دورہ امریکہ کے دوران منگل کے روز پاکستانی وفد کے ہمراہ جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان پہنچے تو امریکی فوج کے چاق وچوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔جنرل راحیل شریف نے پیٹاگان پہنچنے کے بعد چیئرمین امریکی جائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارٹن ڈمپسی، امریکی چیف آف آرمی سٹاف، نائب امریکی وزیر دفاع رابرٹ ورک اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

امریکی بحریہ کے جونیئر کمانڈنٹ جوزف ایف ڈنفورڈ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ پاکستانی وفد نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاک افغان اور پاک بھارت سرحدی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد خطے کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ پینٹاگان پہنچنے سے قبل جنرل راحیل شریف نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل لائیڈ جے آسٹن سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق فلوریڈا کے شہر تانپا میں ہونیوالی ملاقات میں جنرل لائیڈ جے آسٹن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب پر پاک فوج کی تعریف بھی کی۔ محکمہ خارجہ کے پریس آفس کے ڈائریکٹر نے بریفنگ میں کہا کہ امریکا کے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں۔ جنرل راحیل شریف کے ساتھ امریکی حکام کی بات چیت بڑی بامقصد اور مثبت رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے افسرکے مطابق پاکستانی آرمی چیف رواں ہفتے کانگریس رہنماوٴں سے بھی ملیں گے