وزیر اعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس، تحریک انصاف کو 30نومبر کو جلسے کے پر امن انعقاد کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ ،مظاہرین کوریڈزون میں داخلے کی اجازت دینے یا دینے پر مزید مشاورت کی جائے گی، وزیراعظم آئندہ چند روز میں قوم سے خطاب کریں گے،ذرائع،پر امن احتجاج میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی،نوازشریف

بدھ 19 نومبر 2014 08:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19نومبر۔2014ء)وزیر اعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس، تحریک انصاف کو 30نومبر کو اسلام آباد میں جلسے کے پر امن انعقاد کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ ،مظاہرین کوریڈزون میں داخلے کی اجازت دینے یا دینے پر مزید مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعظم آئندہ چند روز میں قوم سے خطاب کریں گے۔

باخبر ذرائع کے مطابق منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص تحریک انصاف کے 30نومبر کے جلسے سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم نوازشریف آئندہ چند روز میں عوامی مسائل کے حل کی حکومتی کوششوں اور سیاسی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے حکومتی کارکردگی اجاگر کرنے کے لیے موثر میڈیا حکمت عملی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات اور وزیر اعظم کے معاون عرفان صدیقی دیگر ذمہ داران کی مشاورت سے میڈیا حکمت عملی تیار کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اجلاس کو تحریک انصاف کے 30نومبر کے جلسے کے حوالے سے ریڈزون اور اسلام آباد کے سیکورٹی پلان پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پر امن احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے حکومت اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف کے جلسے کے موقع پر ریڈزون میں واقع اہم عمارتوں اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں انتخابی اصلاحات اور چیف الیکشن کمشنر کے تقرر سے متعلق بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق اپوزیشن سے مشاورتی عمل تیز کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کو اپنا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے شرکا کو چین برطانیہ اور جرمنی کے دوروں اور افغان صدر سے بات چیت سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ وفاقی وزیرعبد القادر بلوچ نے اجلاس کو آئی ڈی پیز سے متعلق بریفنگ دی۔