پی ٹی وی، پارلیمنٹ پر حملے کے ثبوت موجود ، عمران خان خود عدالت پیش ہو جائیں، پرویز رشید ،طاہر القادری کے اشاروں پر چلنے والے آج قانون کے خوف کے مارے ان سے تعلق توڑ ر ہے ہیں،مسلم لیگ ن پر اپنی ناکامیوں کا الزام دھرنا دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانا ہے، بیان

منگل 18 نومبر 2014 08:35

اسلام آباد((اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کو پولیس گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے،عمران خان کو خود عدالت میں پیش ہوجانا چاہیے،حملہ آوروں کیخلاف ثبوت مختلف چینلز کی فوٹیجز میں موجود ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی اشتعال انگیز تقاریر نے لوگوں کو آخری حد تک جانے پر مجبور کیا تاہم پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملے کا عوامی ردعمل دیکھ کر پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان نے اپنے کارکنوں کو لوگوں کے گھروں میں گھسنے کی ترغیب دی تھی۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران خان اور طاہر القادری کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کے احترام میں عمران خان کو خود عدالت میں پیش ہو جانا چاہیے۔ اْمید ہے حملے میں ملوث افراد خود عدالتوں میں پیش ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نہیں ان کی تعلیم و تربیت بول رہی ہے۔

ہماری برداشت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ زبان ہمارے بھی پاس ہے اور آپ میں خامیاں سب سے زیادہ ہیں،پرویز رشید نے کہاہے کہ عمران خان نے کل صحافیوں کو پیسے دینے کا الزام لگایا،آج شیریں مزاری نے کہہ دیاکہ بغیر ثبوت الزام نہیں لگانا چاہیے،پی ٹی آئی والے پہلے فیصلہ کرلیں کہ کس کو کیا کہنا ہے، وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پر اپنی ناکامیوں کا الزام دھرنا دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانا ہے، طاہر القادری کے اشاروں پر چلنے والا آج قانون کے خوف کے مارے ان سے تعلق توڑ رہاہے، یہ بڑی عجیب بات ہے۔، شیخ رشید عمران خان کے نہ صرف ترجمان ہیں بلکہ ان کے سیاسی استاد بھی ہیں