لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے حاضر سروس افسران کی اے سی آرز غائب ہونے کا انکشاف،افسران میں ڈپٹی سیکرٹری ، سیکرٹری ، ریسرچ افسروں اور سیکشن افسران و دیگر سکیل 4سے 15 تک ملازمین شامل،نادیدہ ہاتھ اہم نوعیت کے مسئلے کو چیف جسٹس ناصر الملک تک پہنچنے سے روکنے کیلئے متحرک ہوگئے

منگل 18 نومبر 2014 08:28

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء ) سپریم کورٹ میں قائم لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے حاضر سروس 15 کے قریب اعلیٰ ترین افسران کی اے سی آرز (ACR)2006 سے تاحال غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ افسران میں ڈپٹی سیکرٹری ، سیکرٹری ، ریسرچ افسروں اور سیکشن افسران و دیگر سکیل 4سے 15 تک ملازمین شامل ہیں ۔ نادیدہ ہاتھ اس قدر اہم مسئلے کو چیف جسٹس ناصر الملک تک پہنچنے سے روکنے کیلئے متحرک ہوگئے ۔

باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں جب سابق رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین رجسٹرار سپریم کورٹ تھے اور ان کے پاس سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا اضافی چارج بھی تھا ۔ افسران کی ترقیاں روکنے اورمناپلی قائم رکھنے کے لیے گریڈ 4سے گریڈ 15 کے لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے افسران اور ملازمین کی اے سی آرز غائب کی گئیں جن کا 2006ء سے تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ان افسران میں راجہ فیصل ڈپٹی سیکرٹری ، شیخ منظوری ڈپٹی سیکرٹری ،محمد تنویر ، قاسم منہاس ، سید ناصر علی شاہ اور عبدالنبی ڈپٹی سیکرٹری سمیت دیگر افسران اور ملازمین شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اے سی آرز کی گم شدگی میں مبینہ طور پر اس وقت کے افسران ملوث ہیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بعض نادیدہ ہاتھ ذمہ داروں کو بچانے کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ جن افسران کی اے سی آرز غائب ہوئی ہیں ان کی کوئی متبادل ڈاکومنٹس بنا کر دے دیئے جائیں تاکہ اس مسئلے پر پردہ ڈالا جاسکے 2006ء اور بعد ازاں ججز بحالی کے بعد سابق چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کے رو برو معاملہ لایا گیا مگر یہ معاملہ سرد خانے کی نذر کردیا گیا ۔

درجہ بالا افسران نے اپنے اپنے طور پرچیف جسٹس پاکستان تک رسائی کی کوشش کی مگر کوئی بھی تدبیر کارگر ثابت نہ ہوسکی ۔ ان اے سی آرز کی گمشدگی کی وجہ سے افسران کی ترقیوں کا معاملہ بھی کافی عرصے سے لٹکا ہواہے ۔ خبر رساں ادارے نے خبر کے حوالے سے موقف جاننے کے لیے سابق سیکرٹری ڈاکٹر فقیر حسین کے موقف کے لئے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے تعلقات عامہ کے افسر اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے جوائنٹ سیکرٹری جواد سے رابطہ کیا مگر ان سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔

متعلقہ عنوان :