اسلام آباد ہائیکورٹ، تحریک انصاف کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران کے نتائج حاصل کرنے کیلئے دائر درخواست اور الیکشن کمیشن کے حوالہ سے دائر کی گئی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکرخارج کردی،

منگل 18 نومبر 2014 08:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرنگ آفسران کے نتائج حاصل کرنے کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی ۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ڈویژن بینچ پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ نیازی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے شعیب شاہین ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر فارم 14شائع نہیں کیئے ہم نے الیکشن کمیشن کو لیگل نوٹس بھی بھیجا ہے سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ قانون میں ایک طریقہ کار ہے اس کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے درخواست گزار قانون کی شق 29کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے مذکورہ درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا فارم نمبر 14 الیکشن کمیشن کے حوالہ سے دائر کی گئی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔ عدالت عالیہ نے درخواست گزار کو آئین کے آرٹیکل 29 کے تحت الیکشن کمیشن اف پاکستان سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کیے۔

عدالت کے فاضل جج اطہر من الله نے پی ٹی آئی کے وکلاء کو احکامات جاری کیے اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان فارم نمبر 14 کے متعلق درخواست منظور نہیں کرتا تو اس کے خلاف آپ عدالت عالیہ سے رجوع کرسکتے ہیں۔ سوموار کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سیف الله نیازی کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران کے فارم نمبر 14 کے متعلق دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ شعیب شاہین و عمیر بلوچ نے عدالت عالیہ میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس اطہر من الله پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ شعیب نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کو امیدواران کا فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر جاری نہیں کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جس طرح عدالت عظمیٰ و ماتحت عدالت کے فیصلے ویب سائٹ پر جاری ہوتے ہیں اس طرح الیکشن کمیشن بھی ایک آئینی ادارہ ہے۔

عوام کی معلومات کیلئے فارم نمبر 14 کو ویب سائٹ پر جاری کرنا چاہیے۔ جسٹس اطہرامن الله نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے کن متعلقہ فورم سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فارم 14 کے حوالے سے رجوع کیا۔ ایڈووکیٹ شعیب ساہین نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لیگل نوٹس بھیجا گیا لیکن ابھی تک اس کا جواب موصول نہیں ہوا۔

اطہر من الله نے کہا کہ فارم نمبر 14 کے حوالے سے آپ کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے قانون کی پاسداری کرنی چاہیے فاضل جج نے کہا کہ فارم نمبر14 کے حوالہ سے باقاعدہ آئین میں گنجائش موجود ہے آپ آئین کے آرٹیکل 29 کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو نمٹا دیا۔