جہلم: تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ سے8 افراد زخمی،زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،زخمیوں میں2 کی حالت تشویشناک،وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب کرلی

پیر 17 نومبر 2014 09:06

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء)جہلم میں تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ سے8 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،زخمیوں میں2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب کرلی۔اتوار کے روز تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کے لئے کارکن جہلم آرہے تھے کہ جہلم میں گرمالہ کے مقام پر مسلح افراد نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر فائرنگ کر دی جس سے پی ٹی آئی کے8 کارکن زخمی ہوگئے ۔

قافلے کی قیادت مقامی رہنما ندیم بنٹی کررہے تھے۔زخیموں میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر چوہدری ندیم خادم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ جلسے میں شرکت کے لئے جارہا تھا لیکن چوہدری ندیم کے خادم مسلح گارڈوں نے ہمارے کارکنوں پر فائرنگ کر دی جس سے8 کارکن زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چوہدری ندیم خادم کی جانب سے بتایا گیا کہ پہلے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کا جواب پر گارڈوں نے دیا۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب نے جہلم واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔