اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق بارے پارٹی قائدین سے کسی قسم کا اختلاف نہیں،اسدقیصر، اس حوالے سے شائع شدہ خبر نہ صرف غلط ہے بلکہ اس پر مجھے انتہائی افسوس ہوا ہے،سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی وضاحت

پیر 17 نومبر 2014 08:57

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے ان کا پارٹی قائدین سے کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔ اس حوالے سے شائع شدہ خبر نہ صرف غلط ہے بلکہ اس پر مجھے انتہائی آفسوس ہوا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کی شام اپنی رہائش گاہ واقع موضع مرغز ضلع صوابی میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ، صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان، امیر جماعت اشاعت التوحید والسنت مولانا محمد طیب طاہری ، ضلعی امیر جماعت اسلامی صوابی محمد عثمان خان ایڈوکیٹ ، جنرل سیکرٹری محمد علی، صدر تحریک انصاف انور حقداد، ایم این اے عاقب اللہ ، جنرل سیکرٹری یوسف علی اور دونوں جماعتوں کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میڈیا خبر شائع کرنے سے قبل اختیاط کو مد نظر رکھے۔ کیونکہ اس قسم کی خبروں کی اشاعت سے غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز اپنے حوالے سے شائع شدہ خبر کی وضاحت کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے بارے میں صرف یہ کہا تھا کہ ممبران اسمبلی پارلیمنٹ کے سپیکر کے چیمبر گئے تھے لہٰذا سپیکر کو ہی ان استعفوں کی تصدیق قواعد کے مطابق کر نے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے تھے۔

جب کہ فرداً فرداً تصدیق کا لفظ انہوں نے استعمال نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی بنیاد میں نے ہی رکھی تھی اور کافی عرصہ تک اس صوبے کا صدر بھی رہا۔ آج میں یہ واضح کر نا چاہتا ہوں کہ پارٹی کے اندر اپنی ہی قیادت کے فیصلوں کا پابند ہوں اور رہونگا۔ انہوں نے کہا کہ ان سے منسوب غلط طریقے سے خبر شائع کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی ، پی ٹی آئی اور اے جے آئی ٹی کی مخلوط حکومت ہے اور آئندہ وقت میں بھی یہ ورکنگ ریلیشن رہے گا۔

اور مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا کو ایک ماڈل صوبہ بنائینگے۔ اور ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا صرف اور صرف عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے کر عوام کی بھلائی کے لئے اقدامات کر نا ہے۔ صوبہ سے کرپشن و کمیشن مافیا کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تھانہ اور پٹواری کلچر میں اصلاح پیدا کر نے کے علاوہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی کر دار ادا کر رہے ہیں۔ اور عوام اس سلسلے میں جلد تبدیلی محسوس کرینگے۔

متعلقہ عنوان :