”اے اللہ! امت مسلمہ کو سیدھے راستہ پر چلنے کی توفیق دے،آمین“، رائیونڈکے عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ ہی اختتام پذیر،حاجی عبدالوہاب کی آدھاگھنٹہ سے زائد دعا،شرکاء دھاڑیں مارمار کر روتے رہے

پیر 17 نومبر 2014 08:48

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء)لاہور کے نواحی قصبے رائیونڈمیں عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیاجس کے بعد ہزاروں جماعتیں دعوت و تبلیغ کا پیغام لے کراپنی منازل کی طرف رواں دواں ہو گئیں۔شرکاء کی واپسی کے موقع پرسڑکوں پر ٹریفک کازبردست رش لگ گیا۔رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے میں اختتامی دعا امیرجماعت حاجی عبدالوہاب نے کرائی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

اس دوران شرکاء کی آنکھیں نم ہو گئیں اور کئی دھاڑیں مار کر روتے رہے۔حاجی عبدالوہاب نے اللہ کے حضور اپنے مخصوص لجاجت کے انداز میں گڑگڑا کردعاکرائی کہ اے اللہ تو ہم سے راضی ہو جا۔ہمیں دین پر چلنے والا بنا دے،اے اللہ تو ہمیں غفلت کی نیند سے بیداری نصیب فرما، ہمیں خود بھی دین پر چلنے والا بنا دے اور دعوت و تبلیغ میں بھی ہماری رہنمائی فرما دے۔

(جاری ہے)

اللہ ہمیں آزمائشوں میں نہ ڈال،مسلمانوں میں اتحاد واتفاق پیدا کر دے،اے اللہ! پاکستان کی حفاظت اور مسلمانوں کو کامیابی نصیب فرما،اجتماع کے دوسرے مرحلے میں 6ہزار سے زائد غیرملکی مندوبین سمیت 8لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔دعا سے قبل نماز فجر کے بعد جماعتوں کو طویل ہدایات دی گئیں اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ گھر گھر جاکر دین کا پیغام پہنچائیں اور لوگوں کو اللہ سے گناہوں کی معافی طلب کرنے اور اپنی زندگی کی اصلاح پر لگائیں، اس مقصد کے لئے جماعت کے احباب کو سب سے زیادہ اپنی اصلاح پر توجہ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

اجتماعی دعا کے بعد ہزاروں کی تعداد میں تبلیغی جماعتیں دنیا بھر کے لئے روانہ کی گئیں۔ ان جماعتوں اور اجتماع کے شرکاء کی واپسی پر سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا۔