وزیراعظم ملک میں گیس کی قلت کے مسئلے کے حل کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی،کمیٹی موسم سرما میں پنجاب کی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی بلاتعطل فراہمی و گیس کے کم دباوٴ کے حل کیلئے طریقہ کار تجویزدے گی

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء)وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں گیس کی قلت کے مسئلے کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے،کمیٹی کو موسم سرما میں پنجاب کی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی بلاتعطل فراہمی اور گیس کے کم دباوٴ اور متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ایک طریقہ کار تجویز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ جمعہ کے روزوزیراعظم کی جاب سے تشکیل د ی جانے والی کمیٹی موسم سرما کے دوران پنجاب میں ٹیکسٹائل کی صنعت کو درپیش گیس کی قلت کے مسئلے کے حل کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمیٹی کے دوسرے اراکین میں پانی وبجلی کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف ، پٹرولیم اور قدرتی وسیلوں کے وزیر شاہد خاقان عباسی اور ٹیکسٹائل صنعت کے وزیر عباس خان آفریدی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی نشاندہی پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں کے علاوہ کمیٹی کے سربراہ کی مرضی سے کوئی ایک نمائندہ کمیٹی میں شامل ہو گا۔کمیٹی کو موسم سرما میں پنجاب کی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی بلاتعطل فراہمی اور گیس کے کم دباوٴ اور متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ایک طریقہ کار تجویز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔کمیٹی فوری طور پر کام شروع کرے گی اور فوری بنیادوں پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔