عصمت اللہ جونیجو حملہ کیس ، انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کو اشتہاری قرار دے دیا، عدالت کا آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء) اسلام آباد کی انسدادد ہشتگردی کی عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔دوران سماعت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور طاہرالقادری کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور انہیں اشتہاری قرار دے دیا اور آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کو ایس پی آپریشنز عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کرنے کے مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا۔ اس سے پہلے عدالت دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ انسداد دہشتگردی کی عدالت پی ٹی وی پر حملے کے مقدمے میں بھی عمران خان، طاہر القادری اور پرویز خٹک سمیت متعدد رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے-واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت موٹروے ہنگامہ آرائی کیس میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے جبکہ عمران خان کو کسی بھی مقدمے میں پہلی باراشتہاری قرار دیا گیا ہے۔