بلوچستان میں بد امنی کے پیچھے بلیک واٹر کا ہاتھ ہے ،ایرانی میڈیا ، طالبان کے حامی عسکریت پسند اور بلوچ عسکریت پسند گروہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہریوں کے خلاف حملے کر رہے ہیں ،پریس ٹی وی

جمعہ 14 نومبر 2014 10:20

تہرا ن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14نومبر۔2014ء)ایرانی میڈیا نے پاکستانی سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک نئی خفیہ دستاویز کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام کو فروغ دینے میں امریکی بلیک واٹر ملوث ہے۔ایرانی نشریاتی ادارے”پریس ٹی وی“ نے کہا کہ بلوچستان میں حالات کی خرابی کی ذمہ دار امریکی بلیک واٹر ہے۔ بلوچستان کو پیرا ملٹری فورسز کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں یہ انکشافات کیے گئے کہ ایک نجی امریکی کمپنی بلیک واٹر ہمسایہ ملک افغانستان میں کارروائی کررہی ہے اور وہی بلوچستان کی بدامنی میں ملوث ہے۔

وہ صوبے میں ملک دشمن عناصر کی حمایت کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق منظر عام پر آنے والی نئی دستاویز نے ذرائع ابلاغ کی2011کی ان رپورٹوں کی تصدیق کردی کہ امریکی سیکورٹی کمپنی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش میں بلوچستان میں شورش اور بدامنی پھیلانے کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ٹی وی نے ایک پاکستانی صحافی کے حوالے سے لکھا کہ انہوں نے یہ رپورٹ دیکھی ہے۔

رپورٹ نے دہشت گردی کے خلاف نام نہاد امریکی جنگ کی حقیقت پر سنگین شکوک و شبہات ڈالے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں امریکہ کے ساتھ اتحاد میں داخل ہو کر2001سے ہزاروں جانیں ضائع کراچکا ہے۔ طالبان کے حامی عسکریت پسند اور بعض بلوچ عسکریت پسند گروہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہریوں کے خلاف حملے کر رہی ہے۔ بلیک واٹر امریکی وفاقی حکومت کو سیکورٹی سروسز فراہم کرتی ہے اس نے2009میں ژی سروس اور 2011میں اکیڈمی کے نام سے اپنی کارروائیاں کیں۔