وزیراعلیٰ شہباز شریف سے افغانستان کے وزیر خزانہ کی قیادت میں وفد کی ملاقات، معاشی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان تجارتی و اقتصادی تعاون کی نئی راہوں کو فروغ دیں :شہباز شریف،دونوں ملک نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں،رابطوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیئے:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 14 نومبر 2014 10:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کی نئی راہوں کو فروغ دیں اورنئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار افغانستان کے وزیر خزانہ عمر زخیل وال(Mr. Omar Zakhilwal) کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک افغان تعلقات اور دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ د ینے کیلئے مستقبل میں سنجیدہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے افغان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان خطے کے اہم ترین ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کو معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں اور رابطوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور افغانستان کو موجودہ وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سطح پر بھی فعال رابطے معاشی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں ہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے بزنس مینوں کے درمیان موثر رابطے انتہائی ضروری ہیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے خطے میں امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ افغان وزیر خزانہ عمر زخلیل وال نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو معاشی ترقی کے اہداف طے کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سطح پر روابط مزید بڑھنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں لاہور سمیت پنجاب نے تیز رفتار ترقی کی ہے۔ ترقی کا سفر دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو کابل کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات کرنے والے افغان وفد میں نائب وزیر تجارت مزمل شنواری(Mr. Muzammil Shinwari)، پاکستان میں افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی (Mr. Janan Musazai) اور دیگر عہدیداران شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، اراکین اسمبلی رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔