عمران خان اور طاہر القادری کی گرفتاری موخر کرنے کا فیصلہ،گرفتاری وزارت داخلہ کے احکامات سے مشروط

جمعہ 14 نومبر 2014 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14نومبر۔2014ء) اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی گرفتاری وزارت داخلہ کے احکامات سے مشروط کر دی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد پولیس کا اہم اجلاس آئی جی کے زیر صدارت ہوا جس میں دونوں رہنماؤں سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کے بارے میں غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے پولیس نے وزارت داخلہ کے احکامات کے بغیر پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے سے متعلق کیس میں نامزد طاہر القادری اور عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین اور رہنماؤں کی گرفتاری سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔ یہ معاملہ سیاسی نوعیت کا ہے۔ پولیس اجازت کے بغیر گرفتاریوں کا عمل شروع نہیں کر سکتی۔ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور رکن قومی اسمبلی بھی نامزد ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت دونوں جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔