پارلیمنٹ ہاوٴس اورپی ٹی وی پرحملے سے ریاست کوچوٹ لگی ، پوری دنیامیں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ،پرویزرشید،عمران خان کودھرنوں کااتناہی شوق ہے تو اپنادھرناڈی چوک میں دینے کے بجائے بنی گالہ میں جاکردیں ،عمران خان کو2018ء تک ناچاہتے ہوئے بھی انتخابات کاانتظارکرناہوگا، میڈیاسے گفتگو

جمعہ 14 نومبر 2014 10:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14نومبر۔2014ء )وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرپرویزرشیدنے کہاہے کہ پارلیمنٹ ہاوٴس اورپی ٹی وی پرحملے سے ریاست کوچوٹ لگی ہے ،اس سے پوری دنیامیں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے ،عمران خان کودھرنوں کااتناہی شوق ہے تووہ اپنادھرناڈی چوک میں دینے کے بجائے بنی گالہ میں جاکردیں ،عمران خان کو2018ء تک ناچاہتے ہوئے بھی انتخابات کاانتظارکرناہوگا۔

جمعرات کووفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرپرویزرشیدنے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم تحریک ا نصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرح صوبہ خیبرپختونخواہ کی حکومت کاتختہ الٹنے کانہیں کہیں گے بلکہ ہم جمہوری لوگ ہیں ،دیئے گئے عوامی مینڈیٹ کااحترام کرتے ہیں ،چاروں صوبوں میں عوام نے جس سیاسی جماعت کومینڈیٹ دیاہے اس کواپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان احتجاج اوردھرنوں کی سیاست سے بازآجائیں کیونکہ دھرنوں سے ملک کی کوئی خدمت نہیں ہورہی ،عمران خان آئی ڈی پیزکی امدادکے بارے میں سوچیں ناکہ اپنی توانائی فضول کاموں میں صرف کریں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم نے اپناپیٹ کاٹ کرآئی ڈی پیزکی مددکی ۔لیکن نااہل صوبائی حکومت نے آئی ڈی پیزکی کوئی مددنہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ ہاوٴس اورپی ٹی وی پرحملے سے پاکستان کی دنیامیں بدنامی ہوئی ہے اوراس سے ریاست کوگہری چوٹ لگی ہے ،جس کاخمیازہ ممکن نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ حکومت کے راستے میں رخنانہ ڈالیں اورملک کی اقتصادی صورتحال بہترکرنے دیں