پاکستان کا درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو(حتف VI)کا کامیاب تجربہ ،تجریہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کی فیلڈ تربیتی مشق کے دوران کیا گیا ، میزائل 1500کلو میٹر تک روایتی اور جوہری وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتاہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات ،پاکستان کی سٹرٹیجک فورسز کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کی سلامتی کے تحفظ کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژنز کا تجربے کے موقع پر سائنسدانوں اور علاقے میں موجود جوانوں سے خطاب، صدر اور وزیر اعظم کی سائنس دانوں اور انجینئروں کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد

جمعہ 14 نومبر 2014 10:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14نومبر۔2014ء)پاکستان نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو(حتف VI)کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 1500 کلو میٹر تک جوہری اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔جس پر صدر اور وزیر اعظم نے سائنس دانوں اور انجینئروں کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ تجریہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کی فیلڈ تربیتی مشق کے دوران کیا گیا جس کا مقصد سٹرٹیجک میزائل گروپ کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا تھا ۔

بیان کے مطابق شاہین ٹو میزائل کے اس تجربے سے اس کے مختلف ڈیزائن اور فنی امور کو جانچاگیا ہے ۔یہ میزائل 1500کلو میٹر تک روایتی اور جوہری وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتاہے۔

(جاری ہے)

بحیرہ عرب میں کئے گئے اس تجربے کو ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات ،کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان ،چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی سمیت سٹرٹیجک فورسز کے اعلیٰ افسران اور حربی اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی دیکھا ۔

اس موقع پر سائنسدانوں اور علاقے میں موجود جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژنز لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے قابل اعتماد کم از کم عسکری صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا ۔انہوں نے آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں شاہین ٹو کا تجربہ ممکن ہوا ۔

انہوں نے موجودہ سٹرٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا بھی اظہار کیا ۔انہوں نے اس عزم کو دوہرایا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹرٹیجک فورسز کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کی سلامتی کے تحفظ کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔اس کامیاب تجربے اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے۔

متعلقہ عنوان :