حکومت سیاسی کھیل کھیلنے میں مصروف ہے، ڈاکٹر شیر یں مزاری،عام انتخابات 2013 ء کی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے مسلم لیگ ن پہلے ہی آئی ایس آئی اور ملٹر ی انٹیلی جنس پر مشتمل کمیشن کی تحویز تسلیم کر چکی ہے، عمران خان نے لچک کا مظاہرہ کیا ہے،دھاندلی کی معنی خیز تحقیقات کیلئے مثبت تجاویز دی ہیں، وفاقی وزیرخزانہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار

منگل 11 نومبر 2014 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹر ی اطلاعات ڈاکٹر شیر یں مزاری نے کہا ہے ۔عام انتخابات 2013 ء کی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے مسلم لیگ ن پہلے ہی آئی ایس آئی اور ملٹر ی انٹیلی جنس پر مشتمل کمیشن کی تحویز تسلیم کر چکی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی موقف یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے گفتگو سے نہ کبھی انکار کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا بلکہ ملک میں موجود سیاسی بحران کے موثر حل کیلئے چیئرمین عمران خان نے لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور دھاندلی کی معنی خیز تحقیقات کیلئے مثبت تجاویز دی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومتی وزراء زبانی جمع خرچ کے ذریعے وقت ضائع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور بات چیت کے عمل سے عملاً راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما نے کہا کہ حکومت سیاسی کھیل کھیلنے میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف مئی 2013کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی بامقصد اور معنی خیز تحقیقات چاہتی ہے جس کیلئے قائم کردہ کمیشن میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی شمولیت چاہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات میں آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کی شمولیت کی تجویز حکومت ہی کی جانب سے پیش کی گئی جس سے وزیرخزانہ اور حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے دیگر اراکین بخوبی آگاہ اور واقف ہیں۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ حکومتی رویے سے واضح ہو چکا ہے حکومت نہ بات چیت پر یقین رکھتی ہے اور نہ ہی مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت 2013کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی پر پردہ پوشی میں مصروف ہے اور تحقیقات سے خوفزدہ ہے۔