اکبر بگٹی قتل کیس؛ پرویزمشرف کی میڈیکل رپورٹ مسترد، آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم، اگر پرویز مشرف اگلی سماعت میں پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی،عدالت کے ریمارکس

منگل 11 نومبر 2014 09:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں انہیں ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نظیراحمد لانگو نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکلا نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ پیش کی، ان کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف سفر نہیں کرسکتے اس لئے انہیں عدالت حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے پرویز مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر پرویز مشرف اگلی سماعت میں پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔واضح رہے کہ نواب اکبر بْگٹی کے قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ نے گزشتہ برس 10،10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض پرویز مشرف کی ضمانت منظور کی تھی۔