تحریک انصاف کا انتخابی دھندلیوں کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مثبت پیش رفت ہے،سراج الحق،سیاسی جر گہ کے ذریعے بعض لوگوں کی طرف سے آئین کو دفن کرکے ملک کے اندر خون کی ہولی کھیلنے،لاشیں گرانے،مجاور اور سوداگر بننے کی خوف ناک سازش کو ناکام بنا دیا، ایوان عدل میں بار روم میں وکلاء سے خطاب

منگل 11 نومبر 2014 09:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا انتخابی دھندلیوں کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مثبت پیش رفت ہے عمران خان کی طرف سے ایجنسیوں کو شامل کرنے کے مطالبے پر ان سے بات چیت ہو سکتی ہے۔حکومت اور سیاسی فریقین مذاکرات میں سنجیدہ ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ باہمی افہام و تفہیم سے سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچائیں۔

ہم نے سیاسی جر گہ کے ذریعے بعض لوگوں کی طرف سے آئین کو دفن کرکے ملک کے اندر خون کی ہولی کھیلنے،لاشیں گرانے،مجاور اور سوداگر بننے کی خوف ناک سازش کو ناکام بنا دیا۔ لاہور بار ایسوی ایشن کی دعوت پر سوموار کے روز ایوان عدل میں بار روم میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہاں شام اور ایران جیسی صورت حال پیدا کرنے چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

لیکن ہم نے حکومت اور عمران ،قادری سے بات چیت کے 37 ادوار کے ذریعے فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھا کرخطرناک سیاسی بحران پر قابو پالیا۔ یہی ہماری سب بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کا مطلب اسلامی و خوشحال پاکستان ، عدل و انصاف اور آئین و قانون کی حکمرانی ہے جسکے لئے جماعت اسلامی میدان عمل میں نکل پڑی ہے وکلاء بارز کے شانہ بشانہ چلنے کے لئے تیار ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ میاں بیوی کو زندہ جلانے کے ظالمانہ و جابرانہ واقعہ سے اسلام اور پاکستان کی بدنامی ہوئے ہے اور مغرب کو پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے کا موقع مل گیا گے۔قبل ازیں جب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق لاہور بار پہنچے تو بار کے صدر چوہدری اشتیاق احمد،سیکرٹری سلیم لادی اور دیگر عہدے داروں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کرکے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :