خیبر ایجنسی، بم دھماکہ،دو رضا کار جاں بحق ،تین زخمی،آپریشن خیبر ون جاری،لشکر السلام کے ترجمان سیف اللہ سیف سمیت دو اہم کمانڈروں نے خود کو فورسزکے حوالے کر دیا،شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید،دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے غرلمائی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران ہوئی،آئی ایس پی آر

منگل 11 نومبر 2014 08:59

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء)خیبر ایجنسی وادی تیراہ میں امن تنظیم توحید السلام پر دو گھنٹوں کے دوران دو بم دھماکے۔دو رضا کار جاں بحق ،تین زخمی ہوئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں بم دھماکے تیراہ کے علاقے نری بابا میں ہوئے ۔ذرائع کے مطابق امن تنظیم توحید السلام کے رضا کار اپنے مخالف تنظیم لشکر السلام کے مورچوں پر چھڑہائی کر رہے تھے کہ پہلی ہی نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس میں توحید السلام کا ایک رضا کار جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن خیبر ون میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے ترجمان سیف اللہ سیف نے دو اہم کمانڈروں سمیت ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

لشکر اسلام کے ترجمان سیف اللہ سیف اور دواہم کمانڈر واجد اور الیاس نے ہتھیار ڈال کرخود کو فورسزکے حوالے کر دیا ۔ادھرشمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے غرلمائی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران ہوئی جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔واضح رہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد جون میں پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس میں اب تک 1200 سے زائد دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر خالی بھی کرالیا ہے۔