آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اٹالین ہم منصب کی ملاقات، دفاع، سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال، خطے میں امن و استحکام کیلئے پا ک فوج ، عوام کا کردار قابل تعریف ہے، کلاڈیو گریزنو

منگل 11 نومبر 2014 08:59

راول پنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران اٹلی کے چیف آف اسٹاف کلاڈیو گریزنو نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اٹلی کے چیف آف اسٹاف جنرل کلاڈیوگریزنو نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دفاع، سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور خطے میں استحکام کیلئے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کو مختلف قسم کے سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اطالوی چیف آف اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام اور قیام امن کیلئے پاکستانی فوج اور عوام کا کردار قابل تعریف ہے۔ اٹلی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان کے جی ایچ کیو پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اطالوی چیف نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے۔