وفاقی وزیر داخلہ کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات، سیاسی صورت حال، کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورت حال، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال، کراچی میں آپریشن بغیر کسی دباؤ کے جاری رکھا جائے گا، آپریشن اہداف کے حصول اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے، چوہدری نثار

منگل 11 نومبر 2014 08:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پیر کی شب کراچی پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورت حال، کراچی سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورت حال، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں آپریشن بغیر کسی دباؤ کے جاری رکھا جائے گا۔ آپریشن اہداف کے حصول اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی کی ترقی اور امن کی بحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

حکومت سندھ کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت کراچی میں امن کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بغیر کسی دباؤ اور بلا کسی امتیاز کے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کریں۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی میں امن کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ کراچی کے امن سے پورے ملک کا امن وابستہ ہے۔

کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی کے لئے قانون نافذ کرنیو الے اداروں نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر ہر ممکن اقدامات کریں گی۔