چینی سفارتی اہلکاروں نے پانچ مرتبہ پی ٹی آئی سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی تھی،ذرائع،جس روز چینی صدر کے دورے کیلئے ایڈوانس ٹیم اسلام آباد پہنچی احتجاجی کارکن ریڈزو ن میں داخل ہوگئے سڑکوں کی بندش کی وجہ سے چینی وفد ایئر پورٹ سے سفارتخانے نہیں آسکا ، وزیراعظم نے وفد کو ایئرپورٹ سے لانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کیا

پیر 10 نومبر 2014 09:12

بیجنگ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء)اسلام آباد میں چینی سفارتی نمائندوں نے صدرژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کیلئے پانچ مرتبہ تحریک انصاف کے رہنماؤں سے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم یہ تمام کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ چینی سفارتی ذرائع نے پاکستانی پارلیمانی اور صحافیوں کے ایک وفد کو بتایا کہ چینی سفارتکاروں نے شیخ رشید اورمسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے بھی رابطے کئے تھے سب نے تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن عملی طورپر ایسا نہ ہوسکا انہوں نے کہا کہ حالات اس وقت زیادہ تشویشناک ہوگئے جب احتجاجی کارکن ریڈ زون میں داخل ہوگئے ۔

ذرائع نے کہاکہ یہ واقعہ بالکل اسی دن ہوا جب چینی صدر کے دورے کیلئے ایڈوانس ٹیم اسلام آباد پہنچی لیکن سڑکوں کی بندش کی وجہ سے چینی وفد ایئر پورٹ سے سفارتخانے نہیں آسکا بعد میں وزیراعظم نے وفد کو ایئرپورٹ سے لانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کیا اور وفد کو اسلام آباد لاناممکن ہوسکا۔

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع نے کہاکہ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ پر تشدد ہونے کے بعد چینی صدر کادورہ ناممکن رہا انہوں نے کہا کہ دورے کیلئے چینی سفارتخانے نے کئی ہفتوں سے تیاری شروع کی تھی اور دن رات ان مجوزہ معاہدوں پرکام ہورہاتھا جس پر دورے کے دوران دستخط ہونے تھے ذرائع نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ متفقہ تاریخوں پر ہوگا۔