چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے پانچ ناموں پر غور کیا جارہا ہے،پرویز رشید، اگر رانا بھگوان داس چیف الیکشن کمشنر کیلئے مان گئے تو ان کا نام بھی زیر غور آسکتا ہے ،سردار ذوالفقار کھوسہ کی پارلیمانی سیاست کو ان کے چہیتے بیٹے نے دفن کیا ہے ، مسلم لیگ (ن) نے انہیں جو عزت اور مقام دیا شاید ہی کسی جماعت نے اپنے کسی سیاسی رہنما کو دیا ہو،وزیراطلاعات و نشریات کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 9 نومبر 2014 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے پانچ ناموں پر غور کیا جارہا ہے اگر رانا بھگوان داس چیف الیکشن کمشنر کیلئے مان گئے تو ان کا نام بھی زیر غور آسکتا ہے ،چیف الیکشن کمشنر کی تقرری 13نومبر سے پہلے ہوجائے گی ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں سے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے مشاورت کررہے ہیں ، سردار ذوالفقار کھوسہ کی پارلیمانی سیاست کو ان کے چہیتے بیٹے نے دفن کیا ہے ، مسلم لیگ (ن) نے انہیں جو عزت اور مقام دیا شاید ہی کسی سیاسی جماعت نے اپنے کسی سیاسی رہنما کو اتنا دیا ہو۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نشریات نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر حکومت پانچ ناموں پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کررہی ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے وزیراعظم نے سید خورشید شاہ کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں سے چیف الیکشن کے تقرر کیلئے مشاورت کریں اور ان پانچ ناموں میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے پیدا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے تیرہ نومبر تک چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی جائے امید ہے حکومت اور اپوزیشن مل کر اس معاملے کو تیرہ نومبر سے پہلے نمٹا لینگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اتحادی جماعتوں سے مشاورت کررہی ہے اور اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں سے سید خورشید شاہ بھی مشاورت کررہے ہیں اور جلد ہی کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سردار ذوالفقار کھوسہ کو مسلم لیگ (ن) نے جو عزت اور مقام دیا ہے اس کی مثال سب کے سامنے ہے پارٹی کے اندر چھوٹے موٹے گلے شکوے ضرور ہوتے ہیں لیکن ان کا اس نہج تک پہنچ جانا جہاں ذوالفقار کھوسہ پہنچے ہیں ہماری سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سردار ذوالفقار کھوسہ زندگی کے اس حصے میں اپنی اور ان کے چہیتے بیٹے ان کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) نے کھوسہ خاندان کیلئے بہت کچھ کیا اب ذوالفقار کھوسہ کے چہیتے بیٹے انہیں خراب کررہے ہیں تو اس میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی قصور نہیں ۔