اللہ تعالیٰ نے قرآن اور نبی آخرزمان نے بنی نوع انسان کو مکمل ضابطہ حیات دیا ہے ،حاجی عبدالوہاب ،امت مسلمہ اپنے دین پر عمل پیرا ہونے کی بجائے اغیار کے نقش قدم پر چل کر دنیا کی ترقیاں حاصل کرنے کی جستجو میں لگی ہوئی ہے جس سے اللہ کی رحمتوں سے محروم ہوکر ناگہانی قدرتی آفا ت کا شکار ہے،مسلم امہ اگر اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرنا چاہے تو اسے دین الٰہی کی طرف ہی رجوع کرنا ہوگا، مرکزی امیر تبلیغی جماعت

ہفتہ 8 نومبر 2014 09:13

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء)تبلیغی جماعت کے مرکزی امیر حاجی عبدالوہاب نے نماز فجر کے بعد پنڈال میں لاکھوں فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن اور نبی آخرزمان ﷺنے اپنے فرمان کی شکل میں بنی نوع انسان کو ایک مکمل ضابطہ حیات دیا ہے جس کے مطابق زندگی بسر کرکے ہی عالم انسانیت اپنے خالق ومالک کے حضور سرخرو ہوسکتی ہے ،امت مسلمہ اپنے دین پر عمل پیرا ہونے کی بجائے اغیار کے نقش قدم پر چل کر دنیا کی ترقیاں حاصل کرنے کی جستجو میں لگی ہوئی جس کی وجہ سے اللہ کی رحمتوں سے محروم ہوکر ناگہانی قدرتی آفا ت کا شکار ہے،مسلم امہ اگر اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرنا چاہے تو اسے دین الٰہی کی طرف ہی رجوع کرنا ہوگا، تبلیغی مرکز کے مدرسہ عربیہ کے استاد مولانا محمد جمیل نے جمعہ کاخطبہ دیتے ہو ہوئے کہا کہ دنیا سے ظلم و زیادتی ، کفر، شرک وبدعات، جبراور خرافات کے خاتمے کیلئے سب سے پہلے امت مسلمہ کو اپنے اعمال درست کرنا ہوں گے مسلمان اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور پیارے نبی حضرت محمد رسول اللہ ﷺکی سنتوں کے مطابق ڈھال کر دیگر مذاہب کیلئے نمونہ بنیں تاکہ وہ بھی آپ کی استقامت دیکھ اسلام میں داخل ہو جائیں،مولانا محمد احمد لاٹ آف انڈیا نے رات کی نشست میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب امت مسلمہ قدم قدم پر جھوٹ،بددیانتی،بے ایمانی ،شراب نوشی،قمار بازی ،زنا کاری جیسے کبیرہ اور صغیرہ گناہوں کا ارتکاب کرے گی تو اللہ تعالیٰ کے رحمت والے فرشتے ان کے قریب آنے کی بجائے لعنتیں ڈالتے ہوئے دور چلے جاتے ہیں ،اپنے اعمال کو ایسا کرلو جیسا ہمارے پیغمبر ﷺ نے ہمیں حکم دیا ہے ،ہم نے کبھی نہیں سوچا کہ اگر انسانی جسم کا ایک لوتھڑا بھی حرام سے بن جائے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کا کوئی عمل قبول نہیں کرتا مگر ہمارے کاروبار آج جھوٹ اور بددیانتی سے بھرے پڑے ہیں ،ان گنت ولاتعداد جسم حرام سے پل رہے ہیں اور ہم اللہ سے اس کی رحمت کے بھی طلبگار بنتے ہیں،جب تک امت مسلمہ اپنے اعمال درست نہیں کرتی یہ مختلف حیلے بہانوں سے عذاب الٰہی کا شکار رہے گی ،ہر مسلمان رات کو سونے سے پہلے دن بھر میں اپنے کئے گئے اعمال کا احتساب کرے اور برے اعمال کو چھوڑنے کا عہد بھی کرے اور اللہ تعالیٰ سے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی معافی بھی مانگ کر سوئے ، جمعہ کی ادائیگی کے بعد مولانا عبدالرحمٰن کا طویل بیان ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو ہمارے لئے بہترین دین پسند فرمایا ہے جس میں گندی ترین جگہ بیت الخلا اور اعلیٰ و عرفہ جگہ بیت اللہ کے حج تک زندگی کے تمام شعبوں میں داخل ہونے اور نکلنے کیلئے دعائیں تک بتادی گئی ہیں ،مگر امت اس سے استفادہ حاصل کرنے کی بجائے یہود وہنود کے طور طریقوں پر چل کر اپنے آپ کو مہذب سمجھ رہی ہے حالانکہ یہ سب سے بڑا دھوکہ ہے جو ہم اپنے آپ کے ساتھ کررہے ہیں ، کائنات کے تمام مذاہب میں اسلام واحد مذہب ہے جو امن، محبت، بھائی چارے اور تہذیب کا درس دیتا ہے اور اسی کے طریقے اور سلیقے اپنانے میں ہی عزت وتکریم ہے ،آج بروز ہفتہ اجتماعی نکاح کی تقریب منعقد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :