سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ نماز عصر کے بعد مولانا احسان الحق کے بیان سے شروع ہوگیا ،امت اپنی اصل ذمہ داری بھول چکی ۔اس لئے مسلمان جگہ جگہ پس رہا ہے ۔دعوت و تبلیغ کے مشن کو جاری رکھنے سے ہی دنیا وآخرت کی کامیابیاں نصیب ہوں گی ،مولانا احسان الحق ، آج نماز جمعہ مولانا عبدالرحمن پڑھائیں گے، بعدمیں اجتماعی نکاح کی تقریب ہوگی

جمعہ 7 نومبر 2014 08:48

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7نومبر۔2014ء) حج بیت اللہ کے بعد مسلمانوں کا دوسرا عظیم الشان سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ سندر روڈ رائے ونڈ پنڈال میں جمعرات کے روز نماز عصر کے بعد مولانا احسان الحق کے بیان سے شروع ہوگیا ۔انہوں نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ امت اپنی اصل ذمہ داری بھول چکی ہے ۔اس لئے مسلمان جگہ جگہ پس رہا ہے ۔دعوت و تبلیغ کے مشن کو جاری رکھنے سے ہی دنیا وآخرت کی کامیابیاں نصیب ہوں گی ۔

سب سے پہلے دل میں اللہ سے ہی سب کچھ ہونے کا یقین پختہ کرنا ہوگا ،غیر اللہ کا خوف دل سے نکال کر اپنا رازق خدا کو مان لیں تو ساری مصیبتیں ختم ہو جائیں گی ۔جب ہم اللہ کا کام کرنے لگ جاویں گے تو اللہ ہمارے وہ کام بھی خود سنبھال لے گا جن کی ہمیں زیادہ فکر ہے ۔

(جاری ہے)

اللہ کو پورا ماننے میں ہی ہماری فلاح ہے ۔ بعدازاں مولانا احمد لاڈ اور امیر جماعت رائے ونڈ مرکز حاجی عبدالواہاب کے بیانات ہوئے ۔

آج نماز جمعہ مولانا عبدالرحمن پڑھائیں گے ۔ بعدمیں اجتماعی نکاح کروائے جائیں گے ۔آج مولانا احمد بہاولپوری ،مولا طارق جمیل اور مولا سعد کاندھلوی کے بیانات بھی ہوں گے ، جبکہ بزرگوں کی طرف سے ہدایات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔جمعرات کے روز مندوبین کی تیزی سے آمد جاری تھا ۔اسٹیشن اورٹرانسپورٹ اڈوں پر ہجوم ہے ۔تجاوزات کی وجہ سے مندوبین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ضلعی انتظامیہ مندوبین کو تمام تر سہولیات پہنچانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ۔مختلف محکمہ جات نے اپنے کیمپ قائم کرلئے ہیں ۔ پولیس ، عملہ صفائی اور محکمہ صحت بھی تندہی سے مصروف عمل ہے ۔آج شرکاء کی تعداد پانچ لاکھ تک پہنچ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :