عمران خان کا انتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ،پرویز رشید ، تحریک انصاف کے اراکین نے سپیکر سے ذاتی طور پر درخواست کی ہے کہ وہ استعفے منظور نہ کریں، عمران خان پہلے الزام عائدکرتے ہیں پھر معذرت کرتے ہیں وہ سراج الحق سے معافی مانگنے گئے تھے، بیان ، نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 6 نومبر 2014 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء ) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے قومی اسمبلی میں استعفے جمع کرانے سے متعلق اپنی پارٹی کے اراکین سے تصدیق کرنی چاہیئے۔بد ھ کے روز اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا انتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ جھوٹ ثابت ہوا ہے اور اب انہیں حکومت پر تنقید کا کوئی اور بہانہ تلاش کرنا چاہیئے۔

بدھ کے روز ایک بیان میں اْنہوں نے کہا کہ عمران خان کو پہلے قومی اسمبلی میں استعفے جمع کرانے سے متعلق اپنی پارٹی کے اراکین سے تصدیق کرنی چاہیئے اور پھر اس حوالے سے بیان دینا چاہیئے۔اْنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے سپیکر سے ذاتی طور پر درخواست کی ہے کہ وہ استعفے منظور نہ کریں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کیلئے علیحدہ علیحدہ حاضر ہونا ضروری ہے،عمران خان سیاست میں رکاوٹ نہ ڈالیں،پارلیمنٹ میں آئیں۔

دریں اثناء مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سراج الحق سے معافی مانگنے گئے تھے،غلط فہمیاں دور کرنا اچھا عمل ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما ملتے ہیں تو سب موضوعات پر بات چیت ہوتی ہے،ملاقات ہونا ایک اچھا سیاسی کلچر ہے،ملاقات سے جمہوری قوتوں کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے اسے سراہا جائے۔