پرویز الہی پوائنٹ سکورنگ کا موقع جانے نہیں دیتے، پنجاب کے پونے دو کروڑ بچوں میں تین پولیو کیس ہیں، خواجہ سلمان رفیق،پولیو کے خلاف حکومت پنجاب کے موثر اقدامات کو عالمی ادارہ صحت اور یونیسف نے بھی تسلیم کیا ہے،پرویز الہی (ن)لیگ فوبیا کے مریض ہیں ، وزیراعلی پولیو ویکسی نیشن مہم کی نگرانی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں، مشیر صحت پنجاب کا پرویز الہی کے بیان پر تبصرہ

جمعرات 6 نومبر 2014 10:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پرویز الہی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ، پولیو کے خلاف پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کو عالمی ادارہ صحت اور یونیسف نے بھی تسلیم کیا -پنجاب کے پونے دو کروڑ(پانچ سال سے کم عمر) بچوں میں سے پولیو کے رپورٹ ہونے والے کیس صرف تین ہیں -خواجہ سلمان رفیق نے پرویز الہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی (ن)لیگ فوبیا کے مریض ہیں حقائق جانے بغیر الزام تراشی شروع کردیتے ہیں- ملک بھر کے 230پولیو کے شکار بچوں میں سے پنجاب میں صرف تین ہی کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں بھکر میں پولیو کے شکار بچے کا وائرس ڈیرہ اسماعیل خان کے مخصوص پولیو وائرس سے مماثل ہے -چکوال میں پولیو کا شکار بچی کا وائر س کراچی کے علاقے گڈاپ کے پولیو وائرس سے مماثل ہے جبکہ شیخوپورہ میں پولیو کے شکار بچے کا وائرس لاہور کے پولیو وائرس سے مماثل ہے -انہوں نے بتایا کہ گمان کیا جاتا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والے متاثرین کی آزادانہ نقل و حمل کی وجہ سے مذکورہ کیس رپورٹ ہوئے تاہم بہترین پالیسی کی وجہ سے پولیو کے شکار بچوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے اور حکومت پنجاب صوبہ کو پولیو فری ہونے کے عزم پر سختی سے کاربند ہے -وزیراعلی پنجاب پولیو کے خلاف ویکسینیشن مہم کی نگرانی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں پولیو کے خلاف ویکسینیشن مہم دیگر تمام صوبوں سے بہتر اور موثر ثابت ہورہی ہے۔