مسئلہ کشمیر پر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہے، چین،پاک بھارت سرحدی تنازعات کا حل ناگزیرہے،بھارت میں چینی سفیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 نومبر 2014 10:33

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء)چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔کشمیر کے مسئلے پر بیجنگ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں چین کے سفیر لی یو چنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے اور ہم ثالثی کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے دریان سرحدی تنازعات کا حل ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ چین کے سرحدی تنازعات بھی ہوتے رہے ہیں تاہم چین بھارت کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا ہے لیکن سرحدی معاملات کو سلجھانے کے لئے بات چیت کا طریقہ کار جاری رہے گا۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی تنازعات کو سلجھانے کے لئے اگرچہ کوششیں جاری ہیں تاہم دونوں ممالک کو ان مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ لداخ اور ارونا چل پردیش میں سرحدی معاملات رونما ہوتے ہیں اور اکثراوقات چینی فوج کی دراندازی کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں اور یہ صرف اسی وجہ سے ہے کہ بھارت کسی بھی طور پر سرحدی تنازعات کو سلجھانے میں عجلت کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے۔