سونامی 21 نومبر کو لاڑکانہ پہنچے گا، عمران خان،حکومت 30 تاریخ سے پہلے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، دھرنے سے خطاب

جمعرات 6 نومبر 2014 09:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6نومبر۔2014ء) عمران خان نے 21 تاریخ کو لاڑکانہ میں سونامی کے پہنچنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت مزید کم ہونی چاہئے، اسپیکر صاحب اسٹے آرڈر کے پیچھے نہ چھپیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ 21 نومبر کو سونامی لاڑکانہ پہنچے گا، 30 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع اکھٹا ہوگا، حکومت 30 تاریخ سے پہلے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے کی مزید کمی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اسٹے آرڈر کے پیچھے نہ چھپیں، دو روز بعد این اے 122 کا کیس عدالت میں چلے گا، ہم انتظار کر رہے ہیں کہ حلقہ کھلے، قوم نے حق پر کھڑے رہنے کا فیصلہ کرلیا، ہمیں ہار بھی نہیں ہراسکتی، قربانیوں کے بغیر کوئی قوم نہیں بنتی۔