وزراء کے غیر ملکی دوروں پر پابندی،وزیراعظم خود رواں ماہ چار ملکوں کے دورے کرینگے ،چین کے دورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ ہوگا،دورے میں چین کے صدر کے پاکستان کے دورے کی نئی تاریخ متعین ہونے کا بھی امکان،چین سے آتے ہی وزیراعظم افغانستان کانفرنس کیلئے لندن،وہیں سے جرمنی کا چکر لگائیں گے، 22 نومبر کو وزیراعظم کا دورہ نیپال طے ہے جہاں سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت ہوگی،ان دوروں کے بعد 18 ماہ کے دور حکومت میں وزیراعظم کے دوروں کی تعداد بھی 18 ہوجائے گی

پیر 3 نومبر 2014 10:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کے غیر ملکی دوروں پر تو پابندی عائد کردی ہے مگر خود رواں ماہ چار ملکوں کے دورے کریں گے جن میں سب سے طویل دورہ چین کا ہوگا جہاں وہ تین روز قیام کریں گے اور اس دورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

دورے میں چین کے صدر کے پاکستان کے دورے کی نئی تاریخ متعین ہونے کا بھی امکان ہے۔ان دوروں بعد 18 ماہ کے دور حکومت میں وزیراعظم کے دوروں کی تعداد بھی 18 ہوجائے گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف رواں ماہ چار ممالک کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز 7 نومبر سے کررہے ہیں۔ سب سے پہلے تین روزہ دورے پر چین جائیں گے۔

(جاری ہے)

چین سے آتے ہی وزیراعظم افغانستان کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن جائیں گے وہیں سے جرمنی کا چکر بھی لگائیں گے۔ 22 نومبر کو وزیراعظم کا دورہ نیپال طے ہے جہاں سارک سربراہ کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔ اس کانفرنس میں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ نومبر وزیراعظم نواز شریف کے موجودہ دور حکمرانی کا 18 واں مہینہ ہوگا جس کے اختتام پر وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں کی تعداد بھی 18 ہوجائے گی۔

اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم نے پہلا دورہ 3 جولائی 2013ء کو چین کا کیا تھا۔ وزیراعظم 16 ستمبر کو ترکی گئے اور 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے گئے پھر 19 اکتوبر کو امریکی صدر کیساتھ دوطرفہ مذاکرات کیلئے دوبارہ امریکہ کا رخ کیا۔ امریکہ سے واپس آتے ہی وزیراعظم 29 اکتوبر کو لندن گئے۔ وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے 14 نومبر کو سری لنکا کا دورہ کیا۔

سری لنکا سے ہی تھائی لینڈ کا رخ کیا۔ وزیراعظم 29 نومبر کو افغانستان گئے۔ رواں سال فروری میں ایک بار وزیراعظم ترکی جا پہنچے۔ وزیراعظم نے مارچ میں دسواں دورہ ہالینڈ کا کیا۔ اپریل میں باؤ کانفرنس میں شرکت کیلئے چین گئے تو جون میں تاجکستان اور برطانیہ گئے۔ وزیراعظم نے آخری دورہ ستمبر میں امریکہ کا کیا تھا جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔