تحریک انصاف نے تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ،پرویزرشید،14 اگست کو 30 لاکھ لوگوں کو اسلام آباد میں لانے کا دعویٰ کرنیوالوں کو تب نہیں روکا تو 30 نومبر کو بھی نہیں روکیں گے، طاہر القادری کے دھرنا ختم کرنے کے بعد عمران اپنے سامنے خالی کرسیاں دیکھ کر تلخ ہوجاتے ہیں،بات چیت کا عمل شروع کرنے کیلئے قائد تحریک انصاف اپنی مذاکراتی ٹیم کو مکمل اختیاردیں ،سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو

پیر 3 نومبر 2014 10:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کئے جانے کے بعد عمران خان اپنے سامنے خالی کرسیاں دیکھ کر تلخ ہوجاتے ہیں، تحریک انصاف نے14اگست کو اسلام آباد میں 30لاکھ لوگوں کو لے کر آنے کا دعوی کیا تھا اور حکومت نے انہیں اس وقت بھی نہیں روکا تھا تو 30نومبر کو بھی نہیں روکیں گے۔

سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سے ہی نکلتا ہے، حکومت نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے اور پی ٹی آئی نے بھی تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اس کے لئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو اپنی مذاکراتی ٹیم کو بات چیت کے لئے مکمل اختیار دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کئے جانے کے بعد عمران خان اپنے سامنے خالی کرسیاں دیکھ کر تلخ ہوجاتے ہیں، انہوں نے 14اگست کو اسلام آباد میں 30لاکھ لوگوں کو لے ر آنے کا دعوی کیا تھا اور حکومت نے انہیں اس وقت بھی نہیں روکا تھا تو 30نومبر کو بھی نہیں روکیں گے۔