وفا قی دارالحکو مت سمیت سندھ کے 10اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عا ئد ، اسلام آباد میں 3 دن کے لیے ا س کااطلاق ہوگا،راولپنڈی اور پشاور سمیت بیشتر شہروں میں 9 اور 10محرم الحرام کو موبائل فون سروس بھی بند رہے گی‘ 54 حساس اضلاع کی ہیلی کاپٹروں سے نگرانی کا فیصلہ ،پنجاب میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ

پیر 3 نومبر 2014 10:10

کراچی، اسلا م آ با د(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء)وفا قی دارا لحکو مت سمیت سندھ کے 10اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے جبکہ اس کا آ ج پیر سے کوئٹہ میں اور اسلام آباد میں بھی اطلاق ہوگا۔محرم الحرام کی مجالس اورجلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے سندھ کے 10 اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکی گئی ہے۔

آج سے لاہور اورکوئٹہ میں 2 اور اسلام آباد میں 3 دن کے لیے ا س کااطلاق ہوگاجبکہ اسلام آباد میں 9 سے 11 محرم تک ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔پشاور میں یہ پابندی عاشورتک رہے گی ادھر راولپنڈی اور پشاور سمیت بیشتر شہروں میں نو اور دس محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رہے گی۔ خیبر پختونخوا کے چار اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیدیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

موبائل فون سروس بند رکھنے کیلئے وفاق کو مراسلہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ 54حساس اضلاع میں ہیلی کاپٹروں سے نگرانی ہو گی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے یوم عاشور پر ملک بھر میں سیکورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 54 اضلاع میں فوج، رینجرز اور ایف سی کے 32695 اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ بارہ ہیلی کاپٹرز جلوسوں کی فضائی نگرانی کریں گے۔

مخصوص اوقات میں حساس مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ خیبر پختونخوا میں نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو اور ٹانک کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے وفاق کو مراسلہ بھی بھجوادیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں بھی موبائل سروس بند رہے گی۔

گلگت ، سکردو اور استور میں فوج طلب کر لی گئی ہے موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ راولپنڈی میں بھی موبائل سروس بند رہے گی۔ پنجاب میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار افسر اور اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی پر تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ لاہور میں بھی نو اور دس محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رہے گی فوج کی پچپن اور رینجرز کی 28کمپنیاں بھی اسٹینڈ بائی ہونگی۔ کوئٹہ کیلئے بھی سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اکہتر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ساڑھے پانچ ہزار پولیس اور اڑھائی ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہونگے۔ فوج بھی الرٹ رہے گی۔