عمران خان اور سراج الحق میں ٹیلی فون پر رابطہ، گلے شکوے دور کرنے کا اعلان

پیر 3 نومبر 2014 10:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے مابین ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے رابطے میں انہوں نے چند روز قبل سراج الحق کے متنازعہ بیان سے پیدا ہونے والی تلخی اور گلے شکوے دور کرنے کا اعلان کیا ہے دونوں رہنماؤں نے یہ بات شدت سے نوٹ کی کہ مذکورہ بیان اور اس پر عمران خان کے ردعمل کی وجہ سے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں بلاوجہ تلخیاں اور کدورتیں جنم لے سکتی ہیں جس سے موجودہ کھٹن سیاسی صورتحال میں دونوں اتحادی جماعتوں کے کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے سراج الحق نے واضح کیا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کو ایک ہی سکے کے دو رخ ہونے کا بیان ہرگز نہیں دیا جو غلط فہمیوں کا سبب بنا جبکہ عمران خان نے سخت ردعمل پر معذرت کی اور واضح کیا کہ وہ جماعت اسلامی اور اپنے کارکنوں کو ایک جان دو قالب سمجھتے ہیں رابطے کے وقت عمران خان کے ساتھ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی بھی موجود تھے شوکت یوسفزئی نے بعد ازاں رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ رابطہ اور صلح صفائی اسلئے بھی ضروری تھی کہ مخالفین اور سٹیٹس کو کی حامی جماعتیں اور سیاستدان ہمارے اختلافات کو اپنی فتح سمجھتے پہوئے بغلیں بجا رہے تھے اور اب ہمارے شیر و شکر ہو جانے سے انکے شیطانی خواب چکنا چور ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دونوں جماعتیں ایک مثالی اتحادی حکومت کا حصہ ہیں جسکی کامیابی مخالفین پر بجلی بن کر گر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :