وزیر داخلہ چوہدری نثار کا بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کو سزائے موت پر گہری تشویش کااظہار

اتوار 2 نومبر 2014 11:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کو سزائے موت پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو کچھ ہورہاہے وہ ان کا اندرونی معاملہ ہے لیکن پاکستان ابھی تک 1971ء اوراس کے بعد کے حالات کے حوالے سے لاتعلق نہیں رہ سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ان المناک واقعات کے 45سال بعد بھی بنگلہ دیشی حکومت ابھی تک ماضی میں رہ رہی ہے اور معاف کرنے اور بھلانے کی حقیقت کو نظر انداز کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت ماضی کی قبریں کھود کر زخموں کو تازہ کررہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد مبصرین واضح طور پر دیکھ رہے ہیں کہ بنگلہ دیش میں حالیہ وقوع پذیر واقعات شدید سیاسی خلاف ورزیاں ہیں جو جماعت اسلامی بنگلہ دیش سے بنگلہ دیش کی آزادی سے پہلے کے واقعات پر کی جارہی ہیں ۔ انہوں ن ے کہا کہ انہیں اس ہولناک خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے اور بنگلہ دیشی حکومت جماعت اسلامی کے رہنماؤں کیخلاف قانون کا سیاسی ہتھیار کے طور پر غلط استعمال کررہی ہے۔