گزشتہ چودہ ماہ کے دران حکومت بجلی کے شعبے میں سبسڈی بڑی حد تک کم کرنے کے قابل ہوئی ،اسحاق ڈار، اس مد میں ایک سواسی ارب روپے رکھے گئے ہیں ،یہ رقم ترقیاتی کاموں خصوصاً توانائی کے شعبے میں خرچ کی جائے گی، بجلی کے معاملات پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

اتوار 2 نومبر 2014 11:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ چودہ ماہ کے دران حکومت بجلی کے شعبے میں سبسڈی بڑی حد تک کم کرنے کے قابل ہوئی اور اس مد میں ایک سواسی ارب روپے رکھے گئے انہوں نے کہاکہ یہ رقم ترقیاتی کاموں خصوصاً توانائی کے شعبے میں خرچ کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز یہاں بجلی کے معاملات پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کہی۔

وزیرخزانہ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں زائد بلوں کے معاملے پر آڈیٹرز کی ٹیم نے اپنی رپورٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ٹیم نے کمیٹی کے ارکان کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔آڈیٹرز کو وزیرخزانہ کی جانب سے خصوصی ٹاسکس دئیے گئے تھے کہ وہ یہ پتہ چلائے کہ آیا ایڈوانس یا اوور بلنگ کے واقعات حقیقت میں پیش آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ جلد سے جلد بنیادوں پر اپنی رپورٹس کمیٹی کو جمع کرائیں تاکہ ایک جامع رپورٹ تیار کرکے کابینہ کو پیش کی جاسکے۔

کمیٹی نے زائد بلوں کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں پانی وبجلی کے وزیرخواجہ محمد آصف وزیرتجارت خرم دستگیر خان،وزیرٹیکسٹائل انڈسٹری عباس آفریدی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :