شہبازشریف کی پٹرولیم مصنوعات میں کمی کافائدہ براہ راست عوام کو فی الفور منتقل کرنے کے حوالے سے ہدایات ،صوبائی انتظامیہ اورمتعلقہ محکمے صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں فی الفورریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان تیارکرکے فوری عملدرآمد یقینی بنائیں ، اشیائے ضروریہ ،سبزیوں،پھلوں کی قیمتوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں فوری کمی کے لئے جامع لائحہ عمل مرتب کرکے عمل درآمد کیاجائے، عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی کمی کافائدہ ہر صورت پہنچنا چاہیے ،کمی کے تناسب سے ہی سے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی نہ صرف یقینی بنائی جائے بلکہ یہ نظر بھی آنی چاہیے،انشااللہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوام کو مزیدریلیف فراہم کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 2 نومبر 2014 11:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند اور عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو اس کمی کافائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو فی الفور منتقل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ ،متعلقہ محکموں ا وراداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافائدہ ہر صورت پہنچنا چاہیئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ہی عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی نہ صرف یقینی بنائی جائے بلکہ یہ نظر بھی آنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

و زیر اعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ ،متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں فی الفورریلیف فراہم کرنے کے لئے جامع ایکشن پلان تیارکرکے اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ ،سبزیوں اورپھلوں کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں اورٹرانسپورٹ کے کرایو ں میں فوری کمی کے لئے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کرکے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ ادارے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کیلئے متحرک وفعال کردار ادا کریں اوراس عوام دوست اقدام کے ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں اورعوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری لیبر کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپوں پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کے ذمہ دار پٹرول پمپس مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرولیم کی مصنوعات کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں آنی چاہیئے۔

اس ضمن میں صورتحال پر نظر رکھی جائے او رروزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی حکومت کو یہ کریڈ ٹ جاتا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور بلاشبہ وفاقی حکومت کا پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا فیصلہ لائق تحسین ہے اور حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ پٹر ولیم مصنوعات کی کمی کے تاریخی اقدام سے براہ راست ملک کے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔ انشااللہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوام کو مزیدریلیف فراہم کرنے کے لئے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی ۔