عمران خان ہٹلر نہ بنیں ،عوام کے منتخب نمائندوں سے استعفے نہ لیں ،سینیٹر پرویز رشید،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین دھرنا بازی سے باز آ جاتے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 فیصد قیمتیں کم کر سکتے تھے،عمران خان کوچندہ دینے والے ذرا عمران سے پوچھیں کہ وہ کس مقصد کے لئے ان کا پیسہ استعمال کررہے ہیں،نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس

اتوار 2 نومبر 2014 10:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین دھرنا بازی سے باز آ جاتے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 فیصد قیمتیں کم کر سکتے تھے۔عمران خان ہٹلر نہ بنیں ۔عوام کے منتخب نمائندوں سے استعفے نہ لیں کیونکہ ان نمائندوں کو عوام نے منتخب کیا ہے عمران نے نہیں۔

ہفتہ کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ 14 اگست کو ڈالر کی قیمت 98 پر تھی ۔دونوخ خود ساختہ رہنماؤں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ ان دھرنوں کی وجہ سے ریاست ،معیشت اور ہمسایہ ملکوں کے تعلقات کو نقصان پہنچا ہے ۔برادر ملک کے صدر نے دس منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا وہ منصوبے کھٹائی میں پڑ گئے ۔

(جاری ہے)

دھرنوں کیو جہ سے بجلی کا بحران مزید تین سال تک پہنچ گیا ہے اور اس کا گناہ دھرنے والوں کے سر ہوگا۔ عمران نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی منصوبوں کے بارے میں کیا اقدامات کئے ہیں ذرا عمران قوم کو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک وزیر اعظم نواز شریف کے اعلان کردہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھائیں گے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کس طرح عوام کو فائدہ پہنچاتی ہے۔

سینیٹ کے اراکین کو صوبائی اسمبلیوں کے اراکین منتخب کرتے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے ممبران کو عوام منتخب کرتے ہیں تو کس طرح عمران خان عوام کے منتخب اراکین کو استعفے دینے پر مجبور کر سکتے ہیں ۔پرویز رشید نے کہا کہ صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھاتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے دھرنا دیں ۔حکومت اپنی تمام تر توجہ ترقیاتی منصوبوں پر جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے گزشتہ رات اعلان کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں واضح کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر عوام سے دور ہو جاتے ہیں اور عوام دشمن فیصلے کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کوچندہ دینے والے ذرا عمران سے پوچھیں کہ وہ کس مقصد کے لئے ان کا پیسہ استعمال کررہے ہیں ۔پرویز رشید نے عمران خان اور طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا۔

تیرے ماتھے کے گجر ے پر موتی کے پھول اچھے ہیں
لیکن گوبھی کا پھول لگادیتے تو اچھا تھا