وزیراعظم سے جے یو آئی کے وزراء کی ملاقات، شکوہ جواب شکوہ،مولانا فضل الرحمن پر حملہ کے حوالہ سے وزیر داخلہ کے رویہ پر شدید تحفظات کا اظہار،جے یو آئی کا چوہدری نثا رکے استعفے کا مطالبہ وزیراعظم کو پہنچادیا،وزیراعظم کا بھی جے یو آئی کی طرف سے بعض امور پر اپوزیشن کا ساتھ دینے پر تحفظات کا اظہار،اب آپ حکومت میں ہیں اپوزیشن میں نہیں، نوازشریف کی یاددہانی

اتوار 2 نومبر 2014 10:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) سے متعلقہ وزراء اکرم خان درانی اور مولانا عبدالغفورحیدری نے ملاقات کی اور ان سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال ،مولانا فضل الرحمان پر حالیہ خودکش حملہ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال گیا۔ ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ ،اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی اور وزیر مملکت مولانا عبد الغفور حیدری نے ملاقات کی ان کے ہمراہ دو اہم پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔ملاقات میں ملک کے موجودہ سیاسی صورت حال اور اتحادی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قابل اعتمادذرائع کے مطابق ملاقات میں جے یو آئی کے وزراء نے مولانا فضل الرحمان پر حملہ کے بعد حکومت خاص طور پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے رویہ پر شدید تحفظات کااظہار کیا اور جے یو آئی کی طرف سے ان کے استعفے کا بھی مطالبہ پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری نے اس امر پر سخت افسوس کا اظہا رکیا کہ وزیرداخلہ نے نہ تو اس واقعہ کی مذمت کی اور نہ ہی مولانا فضل الرحمان کو فون کرکے ان سے بات چیت کی جس سے ان کے رویہ پر ہمیں شدید تحفظات ہیں اور پارٹی رہنماؤں نے سخت اشتعال پایا جاتتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ مولانا فضل الرحمان پر حملہ کے ملزمان کو نہیں چھوڑیں گے اور انہیں صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ اگر یہ کوئی سازش ہے تو اسے بھی بے نقاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے بھی جے یو آئی کی طرف سے کئی معاملات پر حکومت کی بجائے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا شکوہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ وزراء کو آگے بڑھ کر حکومت کا دفاع کرنا چاہئے کیونکہ جے یو آئی اب حکومت کا حصہ ہے اپوزیشن کا نہیں۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے وزراء نے بھی اس حوالے سے اپنا موقف پیش کیا۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم درانی نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہونے والی سیاسی ہلچل پر بھی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر جے یو آئی رہنماؤں نے موقف اختیار کیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ غیر سنجیدگی کی انتہا یہ ہے کہ صوبائی اسمبلی میں وزرات نہ صرف جذباتی ہوجاتے ہیں بلکہ معاملات کو بات چیت سے حل کرنے کی بجائے اپنے مخالفین پر چڑھ دوڑتے ہیں جو انتہائی غیر جمہوری رویہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے سے بارہا اپیل کی ہے کہ اس جانب توجہ دی جائے لیکن معلوم نہیں کس وجہ سے وفاقی حکومت خاموش ہے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ جے یو آئی وفاقی حکومت میں ہماری اتحادی ہے اس لئے صبر سے کام لے اس وقت ملک مشکل صورتحال سے دو چار ہے جبکہ معاشی طورپر بھی مشکلات ہیں ہمیں ملک کے مستقبل کی خاطر تحمل بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔