پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی:زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری،پمپ مالکان کو لاکھوں روپے جرمانہ ، متعدد گرفتار ، کئی پمپ سیل کردیئے گئے ، لاہور میں نان اے سی بسوں کے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کردی گئی ، کراچی میں چینی دو روپے کلو سستی ہوگئی ، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے کرائے کم نہ ہوسکے ، وزیراعظم نے وزراء اعلیٰ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے عام اشیاء اور کرایوں میں کمی کی ہدایت کردی

اتوار 2 نومبر 2014 10:47

اسلام آباد، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ، پمپ مالکان کو لاکھوں روپے جرمانہ ، متعدد گرفتار ، کئی پمپ سیل کردیئے گئے ، لاہور میں نان اے سی بسوں کے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کردی گئی ، کراچی میں چینی دو روپے کلو سستی ہوگئی ، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے کرائے کم نہ ہوسکے ، وزیراعظم نے وزراء اعلیٰ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے عام اشیاء اور کرایوں میں کمی کی ہدایت کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق حافظ آباد میں مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے دوران 17 پٹرول پمپ مالکان کو 2لاکھ 95 ہزار ،5پٹرول پمپس کو 60ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جرمانے کی عدم ادائیگی پر تین افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

پنڈی بھٹیاں میں 11پٹرول پمپ مالکان کو 2لاکھ سے زائد جرمانہ ، سرگودھا میں 5پٹرول پمپ مالکان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ، چنیوٹ میں 3پٹرول پمپوں سے 9 افراد گرفتار کرکے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

منڈی بہاؤ الدین میں پھالیہ روڈ پر نئی قیمت پر پٹرول فروخت نہ کرنے پر پمپ سیل کردیا گیا ادھر لاہور شہر کے اندر اور باہر چلنے والے نان اے سی بسوں کے کرایوں میں 5فیصد کمی کردی گئی ۔ ایل ٹی سی کے چیئرمین خواجہ حسان نے بتایا کہ کرایوں میں کمی پٹرول کے نرخوں میں کمی کے باعث کی گئی اور عملدرآمد آج اتوار سے ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے چلنے والے نان اے سی بسوں کا چار کلو میٹر تک کا کرایہ پندرہ ، آٹھ کلو میٹر کا بیس ، چودہ کلو میٹر کا چوبیس ، بائیس کلو میٹر کا کرایہ انتیس ، تیس کلو میٹر کا کرایہ پنتیس اور اس سے زائد کرایہ چالیس روپے ہوگا ۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی اور کرائے پرانے ہی لیے جارہے ہیں جبکہ پشاور میں لوکل اور بین الصوبائی روٹس پر چلنے والے ٹریفک کے کرایوں میں کمی نہیں ہوسکی اور ٹرانسپورٹرز پرانے کرائے بھی وصول کررہے ہیں ادھر گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا تاہم ابھی عملدرآمد شروع نہیں ہوا ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ زیادہ تر ٹرانسپورٹ سی این جی پر چل رہی ہے پٹرول کی قیمتوں میں کمی پر ان کے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے دوسری جانب کراچی میں چینی کی قیمتوں میں دو روپے کلو کمی کردی گئی وزیراعظم نے چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کو لکھے گئے خطوط میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی اور عام اشیاء کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے مارچ سے اب تک پٹرول کی قیمت میں 18.57 روپے کمی ہوئی ہے اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی بحالی کی جانب گامزن ہے ۔